1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ سے قبل بھارت کے ساتھ تجارت میں اضافہ کریں گے، مے

7 نومبر 2016

برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے نے کہا ہے کہ برطانیہ کو بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے یورپی یونین سے نکلنے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے نئی دہلی میں آج پیر سات نومبر کو کہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2SGBQ
Indien Großbritannien Besuch von Theresa May bei Narendra Modi
تصویر: Reuters/A. Abidi

برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے اتوار چھ نومبر کی شب نئی دہلی پہنچی تھیں۔ رواں برس جولائی میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا یورپ سے باہر اور بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ ان کے ساتھ اس دورے میں برطانوی تجارتی حکام اور کاروباری افراد کا ایک گروپ بھی شریک ہے۔

ٹیریزا مے اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ملاقات آج پیر سات نومبر کو ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے اور تجارت اور سرمایہ میں فروغ کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

ٹیریزا مے نے بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے امکانات کو ’’غیر محدود‘‘ قرار دیتے ہوئے ایک اسکیم کا بھی اعلان کیا جس کے تحت بھارتی کاروباری افراد کو پاسپورٹ کنٹرول اور امیگریشن کے حوالے سے آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔

نریندر مودی سے ملاقات سے قبل ٹیریزا مے کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم مودی سے بات کریں گی کہ باہمی تجارت اور دونوں ممالک سرمایہ کاری میں اضافہ کیسے کیا جا سکتا ہے اور انڈسٹریز، ایکسپورٹس اور سرمایہ کاری کے میدانوں میں مزید کیا کر سکتے ہیں۔ مے کے مطابق، ’’اس کے لیے ضروری نہیں ہے کہ ہم یورپی یونین سے نکلنے کا انتظار کریں۔‘‘

Indien Großbritannien Besuch von Theresa May bei Narendra Modi - Tech Summit
نریندر مودی نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ بھی بھارت میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گاتصویر: picture-alliance/dpa

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ یہ بات بہت اہم ہے کہ 21ویں صدی کی معیشت کے حوالے سے بھارت اور برطانیہ مل کر کام کریں۔ انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ ان کے ملک میں ہونے والے انقلابی کاموں میں شریک ہوں جن میں سے ایک 100 اسمارٹ شہر بسانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

بھارتی کمپنیاں، برطانیہ میں تیسری سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں ہیں۔ نریندر مودی نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ بھی بھارت میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا۔

برطانیہ سے 65 برس سے زائد عرصہ قبل آزادی حاصل کرنے والے بھارت کی بعض کمپنیاں اس وقت برطانیہ کے ایسے برانڈز کی مالک ہیں جو دنیا بھر میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ان میں جیگوار اور لینڈ روور جیسے گاڑیوں کے علاوہ ٹیٹلی چائے بھی شامل ہے۔