بلیک بیری نے پلے بُک متعارف کرا دی
28 ستمبر 2010ریسرچ اِن موشن RIM کے صدر اور شریک سربراہ Mike Lazaridis نے پیر کو سان فرانسسکو میں ’پلے بُک‘ متعارف کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، ’یہ دُنیا کا پہلا پروفیشنل ٹیبلٹ ہے۔‘
ریسرچ اِن موشن نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ میں پلے بُک کی فروخت آئندہ برس کے آغاز پر شروع ہو جائے گی جبکہ دیگر ممالک میں فروخت کا آغاز 2011ء کے وسط سے متوقع ہے۔ تاہم اس کی قیمت کا انکشاف ابھی نہیں کیا گیا۔
پلے بُک اپیل کے آئی پیڈ کو چیلنج کرنے کے لئے متعارف کرائے گئے ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں سے ایک ہے۔ یہ سات انچ کا ٹچ سکرین کمپیوٹر ہے جبکہ آئی پیڈ 9.7 انچ کا ہے۔ اس پر اڈاب فلیش ویڈیو سافٹ ویئر بھی چلایا جا سکتا ہے۔ یہ ایسا فیچر ہے، جو آئی پیڈ پر ممکن نہیں۔
کمپنی کے صدر نے کہا، ’آپ اس کے ذریعے انٹرنیٹ کا پورا لطف اٹھائیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ پلے بُک بلیک بیری کے سمارٹ فون سے پوری طرح مطابقت رکھتی ہے، جو متعدد پیشہ ورانہ حلقوں میں مقبول ہے۔ سمارٹ فون کے صارفین اپنے ہینڈ سیٹ کو بلوٹوتھ کے ذریعے پلےبُک سے پیئر کر سکتے ہیں اور یوں وہ اپنی ای میلز، کیلینڈر، دستاویزات اور دیگر مواد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ پلے بُک کے دونوں جانب ویڈیو کانفرنسنگ میں معاونت فراہم کرنے کے لئے کیمروں کی سہولت دی گئی ہے۔
کمپنی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایک سافٹ ویئر کِٹ جاری کرے گی، جو تھرڈ پارٹی ڈویلپرز کو پلے بُک سے مطابقت رکھنے والی ایپلیکیشنز بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ اس وقت بلیک بیری کی ’ایپ ورلڈ‘ شاپ کے صارفین کی تعداد تقریباﹰ تین کروڑ 50 لاکھ ہے جبکہ اس سے یومیہ 15 لاکھ پروگرام ڈاؤن لوڈ کئے جاتے ہیں۔ اس شاپ پر 11 ہزار ایپلیکیشنز دستیاب ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ