1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: شالکے اور سینٹ پاؤلی کا میچ ادھورا ہی رہ گیا

2 اپریل 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 28 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں جمعے کے روز سینٹ پاؤلی اور شالکے کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ریفری کے ایک معاون پر بیئر کے خالی گلاس پھینکے جانے کے بعد ادھورا ہی چھوڑ دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/10mHO
شالکے کے کوچ Ralf Rangnick میچ کے آغاز سے قبل میدان میں آتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

یہ واقعہ میچ کے اختتام سے تقریباﹰ دو منٹ قبل پیش آیا۔ اس وقت شالکے کی ٹیم صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری لیے ہوئے تھی۔

تفصیلات کے مطابق ہیمبرگ میں ہونے والے اس میچ میں ایک ’لائن مین‘ کو پلاسٹ کا ایک خالی گلاس کھینچ مارا گیا۔ خبر رساں ادارے DPA کے مطابق معاون ریفری کو اس سٹینڈ سے نشانہ بنایا گیا، جہاں سینٹ پاؤلی کی ٹیم کے مداح بیٹھے ہوئے تھے۔

اس واقعے کے فوراﹰ بعد ریفری Deniz Aytekin نے میچ آفیشلز کو گراؤنڈ میں بلا لیا اور صلاح مشورے کے بعد میچ ادھورا چھوڑ دینے کا اعلان کیا۔ اسکائی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ریفری نے کہا کہ کھیل کے دونوں حصوں میں میچ آفیشلز کی جانب لائٹرز اور سکے پھینکے گئے۔ ’’مگر جب ایک لائن مین کی گردن کو گلاس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، تو پھر اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں تھا کہ میچ ادھورا ہی چھوڑ دیا جائے۔‘‘

ریفری کے مطابق گلاس سے نشانہ بنائے گئے لائن مین کا ڈاکٹر نے معائنہ کیا ہے، تاہم اسے کسی قسم کی کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی ہے۔ ریفری کے مطابق انہوں نے اس میچ کی رپورٹ جرمن فٹ بال فیڈریشن کو بھیج دی ہے، جو ممکنہ طور پر میچ کا فیصلہ شالکے کی ٹیم کے حق میں کر دے گی۔

سینٹ پاؤلی کے کوچ ہولگر سٹانسلافسکی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور میچ آفیشلز سے اپنے کلب کی طرف سے ذاتی طور پر معذرت کی۔

’’فٹ بال کے میدان میں اس طرح کا واقعہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ میں لائن مین سے صرف معذرت ہی کر سکتا ہوں۔‘‘

Flash-Galerie Einkaufszettel Bayern München Bundesliga Fußballl 2011
آج ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہینوور کے مدمقابل آ رہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

واضح رہے کہ اس میچ کے ادھورا چھوڑ دینے سے قبل شالکے کی طرف سے اسپین سے تعلق رکھنے والے Raul اور نوجوان کھلاڑی Julian Draxler نے کھیل کے پہلے اور دوسرے ہاف میں ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اگر میچ کا فیصلہ شالکے کے حق میں سنا دیا جاتا ہے، تو بنڈس لیگا میں سینٹ پاؤلی کی یہ مسلسل چھٹی ناکامی ہو گی۔

آج ہفتے کے روز کائزرزلاؤٹرن کا مقابلہ لیورکوزن سے ہو رہا ہے جبکہ لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ ہینوور کے مدمقابل آ رہی ہے۔ دیگر میچوں میں دفاعی چیمپئن بائرن میونخ کا میچ مؤنشن گلاڈباخ سے ہے جبکہ مائنز کی ٹیم فرائی برگ کا مقابلہ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بریمن کا مقابلہ شٹٹ گارٹ سے اور ہوفن ہائم کا میچ ہیمبرگ سے ہو رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک