بنڈس لیگا: میونخ کلب کے چیمپیئن بننے کا امکان
18 اپریل 2010جرمن فٹ بال کی قومی لیگ بنڈس لیگا کی اختتام کی جانب اب سفر تین ہفتوں کا رہ گیا ہے۔ چیمپیئن بننے کی دوڑ میں بائرن میونخ نے اپنی قریب ترین حریف ٹیم شالکے کو دو پوائنٹ کے فرق پر رکھا ہوا ہے۔ گزشتہ سال کے چیمپیئن کلب وولفس برگ کے کوچ میگاتھ فیلکس، اب شالکے کی کوچنگ کر رہے ہیں، اُن کی ٹیم شالکے کلب پچھلے دو میچ ڈے میں مسلسل نہ ہارتی تو وہ بہتر مقام پر ہوتی۔ خاص طور پر تیسویں میچ ڈے کے دوران ہینوور کلب کے خلاف میچ جیتنے کی صورت میں آج وہ پہلے مقام پر ہوتی۔
مبصرین کے مطابق شالکے نے گویا ہینوور کے خلاف میچ ہار کر ایک طرح سے چیمپیئن شپ گنوا دی تھی۔ شالکے کی ٹیم کو انتیسویں اور تیسویں میچ ڈے پر شیڈیول دونوں میچوں میں شکست کا سامنا تھا۔ انتیسویں میچ ڈے میں یہ شکست اسے بائرن میونخ کے ہاتھوں ہوئی۔ تاہم ہینوور کی ٹیم سے ہارنے پر شالکے کو بڑی قیمت ادا کرنی پڑی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ہینوور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نیچے سے دوسری پوزیشن پر ہے اور امکانی طور پر وہ بنڈس لیگا کے اختتام پر درجہ دوم کے ٹورنامنٹ یعنی بنڈس لیگا ٹو میں دھکیلی جا سکتی ہے۔
اکتسویں میچ ڈے میں ہینوور کلب کو گزشتہ روز بائرن میونخ کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں سات گول سے ہرایا۔ ہینوور کے خلاف سات گولوں میں سے تین گول روبن نے کئے، اولِچ نے دو اور مُوئلر نے بھی دو گول سکور کئے۔ جبکہ سات میں سے چار گول پہلے ہاف میں کئے گئے۔
اکتیسویں میچ ڈے میں شالکے کلب نے مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ دوسری جانب دفاعی چیمپیئن وولفس برگ کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتہ کی شام کو کھیلے گئے ایک میچ میں بھی اُس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اِس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کے 63 پوائنٹس ہیں، شالکے کلب کے دوسری پوزیشن پر 61 پوائنٹس ہیں۔ بنڈس لیگا میں موسم خزاں کے وقفے تک بائر لیورکوزن کی کلب کو واضح برتری حاصل تھی لیکن گزشتہ روز شٹٹ گارٹ سے میچ ہارنے کے بعد وہ چوتھے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ تیسری پوزیشن پر بریمن کی ٹیم ہے۔
بنڈس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر نیچے کی تین ٹیموں کو اصول کے تحت بنڈس لیگا درجہ دوم میں دھکیل دیا جاتا ہے اور وہاں کی ٹاپ تین ٹیموں کو قومی چیمپیئن شپ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔ رواں سیزن کے پوائنٹس ٹیبل پر برلن کا ہیرتھا کلب سب سے نیچے ہے، اُس کے پوائنٹس 22 ہیں، گویا وہ اگلے تینوں میچ جیت بھی لے تو وہ مشکلات سے باہر نہیں آ سکتی۔ اِن کے ساتھ تیسری ٹیم فرائی برگ ہو سکتی ہے۔ فرائی برگ کے 28 پوائنٹ ہیں اور اُس سے اوپر بوخم کلب ہے، اُس کے بھی 28 پوائنٹ ہیں، گویا فرائی برگ یا بوخم ٹیم نے اگر اگلے تین میچ ڈے میں سے ایک میچ بھی جیت لیا تو وہ درجہ دوم میں جانے سے محفوظ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: افسر اعوان