1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں ڈورٹمنڈ کو دھچکا

24 اپریل 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے اکتیسویں میچ ڈے میں پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کلب کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے مقام کی ٹیم لیورکوزن نے ایک اور جیت سے چیمپیئن شپ کی امید کو مزید مستحکم کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1134q
تصویر: dapd

ایسے اندازے لگائے گئے تھے کہ ہفتہ کو ڈورٹمنڈ کلب بڑی آسانی سے اپنا میچ جیت جائے گا، لیکن اسے مؤنشن گلاڈ باخ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم موجودہ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نچلی ٹیموں میں سے ایک ہے۔

ڈورٹمنڈ کی شکست اور لیورکوزن کی جیت نے اگلے تین میچ ڈیز کے کھیل میں سنسنی پیدا کردی ہے۔ لیورکوزن کا میچ ہوفن ہائیم کی ٹیم کے ساتھ تھا۔ یہ میچ وقفے تک ایک ایک گول سے برابر تھا لیکن دوسرے ہاف میں لیورکوزن کلب ایک اور گول کر کے میچ میں سرخرو رہا۔ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم بدستور پہلے مقام پر ہے۔ لیورکوزن کی دوسری پوزیشن ہے۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن ہینوور اور چوتھی دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کے پاس ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں تو موجود ہیں لیکن چیمپیئن شپ کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔ بقیہ تین میچوں کے نو پوائنٹس حاصل ہونے سے بھی چیمپیئن شپ کا تاج ان کلبوں کو نہیں مل سکتا۔ دفاعی چیمپیئن کے ٹوٹل پوائنٹس کی تعداد 56 اور ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 57 ہیں جبکہ ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 69 ہیں۔ اس طرح اب مقابلہ لیورکوزن اور ڈورٹمنڈ کے درمیان رہ گیا۔

Flash-Galerie Bundesliga 31. Spieltag 2010/11 Mönchengladbach Dortmund
ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے میچ کا منظرتصویر: dapd

ہفتہ کو شٹٹ گارٹ کی ٹیم نےہیمبرگ کو شکست دی۔ ہیمبرگ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی جبکہ اس کے خلاف شٹٹ گارٹ نے تین گول کیے۔

بائرن میونخ اور فرینکفرٹ کلبوں کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر سکیں۔ بنڈس لیگا کے درجہ اوّل میں کوالیفائی کرنے والی ٹیم سینٹ پاؤلی کو ایک اور ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سینٹ پاؤلی کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ تنزلی کا یقینی طور اسے سامنا کرنا پڑے گا۔ وولفس برگ کلب بھی تنزلی کی لپیٹ میں ہے اور اگلے تین میچ ڈیز میں کم از کم دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے وہ تنزلی سے بچ سکتا ہے۔

اگلے میچ ڈے کی شروعات انتیس اپریل بروز جمعہ سے ہو گی۔ پہلے دن دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ اور دوسری پوزیشن کے حامل کلب لیورکوزن کے میچ آئندہ ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔ ڈورٹمنڈ کو نیوریمبرگ کلب کا سامنا ہو گا جبکہ لیورکوزن کا میچ کولون کی ٹیم سے شیڈول ہے۔ ڈورٹمنڈ کا میچ قدرے سخت محسوس کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں