بُنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ ٹائٹل کے قریب تر
18 اپریل 2011تیسویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے پوائنٹس ٹیبل پر موجود دوسری پوزیشن کی ٹیم بائر لیورکوزن کو پانچ کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی نہ صرف بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر 55 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئی ہے بلکہ اس کے چیمپئنز لیگ میں شمولیت کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔
ڈورٹمنڈ اور فرائی برگ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ماریو گوئٹزے اور رابرٹ لاوانڈوسکی نے پہلے ہاف میں ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو دو صفر کی برتری دلادی۔ میچ کے 78ویں منٹ میں گراس کروئٹز نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی پر مہر ثبت کردی۔ اس جیت کے بعد ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 69 ہوگئے ہیں اور وہ دوسرے پوزیشن پر موجود ٹیم لیورکوزن سے آٹھ پوائنٹس آگے ہے۔
تیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتہ 17 اپریل کوچھ میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ ہیمبرگ اور ہینوور کے درمیان کھیلا گیا، جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ ہوفن ہائم نے فرینکفرٹ کو ایک صفر سے شکست دی۔ وولفس برگ اور سینٹ پاؤلی کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ نیورمبرگ نے کائزرزلاؤٹن کو دو صفر سے ہرایا جبکہ شٹٹ گارٹ نے کولون کی ٹیم کوایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ ہفتے کے دن کا آخری معرکہ شالکے اور ویردر بریمن کےدرمیان بپا ہوا تاہم یہ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر منتج ہوا۔
جمعہ کے دن کھیلے گئے اکلوتے میچ میں مائنز نے مؤنشن گلاڈباخ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ اب جبکہ تیسویں میچ ڈے کے تمام میچ مکمل ہوگئے ہیں، بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پانچ پوزیشنز کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سرفہرست بوروسیا ڈورٹمنڈ ہے اور اس کے پاس 69 پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبر پر 61 پوائنٹس کے ساتھ لیورکوزن کی ٹیم ہے۔ بائرن میونخ اب تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس کے پاس 55 پوائنٹس ہیں، جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر بالترتیب 54 پوائنٹس کے ساتھ ہینوور اور 48 پوائنٹس کے ساتھ مائنز کی ٹیمیں ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: شامل شمس