1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پہلا میچ ڈے، دوسرا دن

7 اگست 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے نئے سیزن میں پہلے میچ ڈے کے کھیل جاری ہیں۔ یہ سیزن شروع ہوتے ہی دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ اپنے میچ میں شاندار کامیابی حاصل کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/12COL
بنڈس لیگا: نئے سیزن کا دوسرا دنتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کے دوسرے دن اشٹٹ گارٹ اور وولفس برگ نے اپنے اپنے میچ تین گول سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ مشہور کوچ میگاتھ فیلکس کی ٹیم وولفس برگ کی پرفارمنس شاندار کہی جا سکتی ہے۔ وولفس برگ کلب نے کولون کی ٹیم کو شکست دی۔

ڈورٹمنڈ کلب نے بھی ہیمبرگ کے خلاف تین گول کیے تھے لیکن اس کے خلاف ایک گول بھی کیا گیا اور اس باعث وہ سردست تیسری پوزیشن پر ہے۔ پہلے میچ ڈے پر تمام پوزیشنیں عارضی ہیں اور ان میں مسلسل تبدیلی ہوتی رہے گی۔ آج اتوار کے روز پہلے میچ ڈے کی تکمیل ہو جائے گی۔

Flash-Galerie FC Bayern München - Borussia Mönchengladbach 2010/2011
بائرن میونخ اور مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کا منظرتصویر: picture alliance/M.i.S.-Sportpressefoto

بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں برلن کا مشہور فٹ بال کلب ہیرتھا بھی کوالیفائی کر کے پہنچا ہے۔ سن 2009 میں اس کی تنزلی ہو گئی تھی۔ پچھلا سیزن ہیرتھا نے بنڈس لیگا کے درجہ دوم میں کھیلا۔ قومی چیمپیئن شپ کے پہلے میچ میں ہیرتھا کو شکست کا سامنا رہا۔ اس طرح اس نے کوئی عمدہ آغاز نہیں کیا ہے۔ ایک اور کوالیفائی کرنے والی ٹیم آؤگوس برگ نے اپنا میچ دو دو گول کے ساتھ برابری پر ختم کیا۔ پہلے میچ ڈے میں شالکے کلب کو شکست کا سامنا رہا۔ بنڈس لیگا کے ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ نے اپنا میچ بغیر کسی گول کے کھیلا۔

بنڈس لیگا میں کل اٹھارہ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو بار میچ کھیلتی ہے۔ کل میچ ڈیز کی تعداد چونتیس ہے۔ ہر میچ ڈے میں کل نو میچ شیڈول ہوتے ہیں۔ عموماً بنڈس لیگا کے میچ ڈے کی شروعات جمعہ کے روز سے ہوتی ہے۔ پہلے روز ایک یا دو میچ کھیلے جاتے ہیں۔ زیادہ میچ ویک اینڈ کے ایام ہفتہ اور اتوار کو کھیلے جاتے ہیں۔ سترہ میچ ڈیز کے بعد موسم خزاں کا وقفہ کیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال بنڈس لیگا کی چیمپیئن ٹیم ڈورٹمنڈ تھی۔ ہر سیزن کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی آخری تین ٹیمیں درجہ دوم میں دھکیل دی جاتی ہیں اور درجہ دوم کی ٹاپ تھری ٹیمیں قومی فٹ بال لیگ میں شرکت کرتی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں