1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے نئے سیزن میں ڈورٹمنڈ کا فاتحانہ آغاز

6 اگست 2011

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے نئے سیزن کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن بوروسیا ڈورٹمنڈ نے ہیمبرگ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ جمعہ کے دن یہ افتتاحی میچ ڈورٹمنڈ میں کھیلا گیا۔

https://p.dw.com/p/12C5x
تصویر: picture alliance/Pressefoto Ulmer

بنڈس لیگا کے سلسلے میں جمعہ کو کھیلے گئے اس واحد میچ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مہمان ہیمبرگ کی ٹیم کو سنبھل کر کھیلنے نہ دیا۔ کھیل کے 14 ویں منٹ میں ہی ڈورٹمنڈ کی نمائندگی کرنے والے جاپانی کھلاڑی Shinji Kagawa نے ہیمبرگ کے گول پوسٹ پر زبردست حملہ کیا تاہم وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ بظاہر اس حملے کے بعد ہیمبرگ کے دفاع میں ایک غیر معمولی کمزوری دیکھی گئی، جو پورے میچ میں نظر آئی۔

17ویں منٹ میں Kevin Grosskreutz نے ڈورٹمنڈ کو ایک گول کی برتری دلوا دی۔ اس کے بعد دفاعی چیمپیئن نے اپنے حملے جاری رکھے اور 29 ویں منٹ میں Mario Goetze نے ایک اور گول کر دیا۔ پہلے ہاف میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں موجود اپنے مداحوں کی خوب داد سمیٹی۔ اسٹیڈیم اس وقت ’چیمپیئن، چیمپیئن‘ کے نعروں سے گونجنے لگا، جب Goetze نے 48 ویں منٹ میں اپنا دوسرا انفرادی گول کر کے ڈورٹمنڈ کو تین صفر کی برتری دلوا دی۔

Flash-Galerie Fußball Bundesliga 1. Spieltag: Borussia Dortmund - Hamburger SV
دفاعی چیمپیئن بوروسیا ڈورٹمنڈ نے اپنے اس سیزن کے افتتاحی میچ میں زبردست کارکردگی دکھائیتصویر: picture-alliance/dpa

مہمان ٹیم ہیمبرگ کی طرف سے واحد گول متبادل کھلاڑی Robert Tesche نے کھیل کے 79 ویں منٹ میں کیا۔ تاہم اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی کہ ہیمبرگ کھیل میں واپس آ سکے جبکہ ڈورٹمنڈ کی جیت واضح ہو چکی تھی۔

میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے سٹرائیکر Grosskreutz نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ سیزن کا پہلا گول انہوں نے کیا، ’ ہم نے صرف اپنے کھیل پر توجہ دی۔ میرے خیال میں ہم نے اس افتتاحی میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی‘۔ ڈورٹمنڈ کے کوچ ژرگن کلاپ نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ابتدائی 70 منٹ کے دوران بہترین کھیل پیش کیا۔

ہیمبرگ کے کپتان ہائکو ویسٹرمان نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایک اچھی ٹیم نے انہیں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈورٹمنڈ نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ان کی ٹیم خوش قسمت رہی کہ پہلے ہاف تک ان کے خلاف صرف دو ہی گول ہوئے۔

بنڈس لیگا کے نئے سیزن کے دوران آج یعنی ہفتہ کو مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے جائیں گے جبکہ اتوار کو دو میچ ہوں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں