سینٹ پاؤلی بنڈس لیگا کے پہلے درجے سے نکل گئی
8 مئی 2011اس میچ کی خاص بات بائرن میونخ کے کھلاڑی ماریو Gomez کی ہیٹ ٹرک جبکہ Ribery اور Robben کے دو دو گول تھے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ میچ کے لیے اہل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ بنڈس لیگا میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر آنے والے ٹیمیں چیمپئنز لیگ میں شامل ہوتی ہیں، جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو چیمپئنز لیگ میں شامل ہونے کے لیے کوالیفائیگ میچ کھیلنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب اس ہار کے ساتھ ہی سینٹ پاؤلی کی ٹیم لیگ میں 18ویں اور آخری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ بنڈس لیگا میں سیزن میں17ویں اور 18ویں نمبر پر آنے والی ٹیمیں لیگ کے پہلے درجے سے خارج کر دی جاتی ہیں۔
اس فتح کے بعد بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کے پوائنٹس اب 62 ہو گئے ہیں، جو دوسرے نمبر پر براجمان ٹیم لیورکوزن سے صرف تین پوائنٹس کم ہیں۔ ہفتے کو لیورکوزن اور ہیمبرگ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا ابھی آخری میچ ڈے باقی ہے۔ اگر اگلے میچ ڈےکے سلسلے میں کھیلے جانے والے اپنے اپنے میچوں میں لیورکوزن کو شکست ہو گئی اور بائرن میونخ کی ٹیم فتح یاب ہوگئی، تو دونوں ٹیمیں پوائنٹس کے اعتبار سے برابر ہو جائیں گی، جبکہ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر لیگ میں دوسری پوزیشن بائرن میونخ کے ہاتھ لگ جائے گی۔
بنڈس لیگا کے ہفتے کے روز کھیلے جانے والے میچوں میں رواں سیزن کی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو بریمن نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ تاہم 72 پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ پہلے ہی لیگ کی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق