1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ یقینی چیمپیئن

1 مئی 2011

جرمن قومی فٹ بال لیگ کا 32 واں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ لیورکوزن کلب، اپنا میچ کولون کی ٹیم سے ہار گئی۔ لیورکوزن کی ہار سےڈورٹمنڈ کے چیمپیئن بننے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔ رواں سیزن کے صرف دو میچ ڈے باقی رہ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1171Y
ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی میچ کے بعدتصویر: dapd

دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کے چیمپیئن شپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد ہفتہ کے روز کولون کے خلاف میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کی ٹیم لیورکوزن کی ہار نے ڈورٹمنڈ کی چیمپیئن شپ کو یقینی بنا دیا۔ اسی میچ ڈے کے دوران پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن کی حامل ٹیم ڈورٹمنڈ نے نیورمبرگ کے خلاف اپنا میچ دو گول سے جیت کر اپنے چیمپیئن شپ کے اعزاز کو مستحکم بھی کر لیا۔ سن 2002 کے بعد جرمنی کے روہر علاقے سے تعلق رکھنے والی کسی ٹیم کا یہ پہلی بار بنڈس لیگا کی قومی چیمپیئن شپ کا اعزاز حاصل کرنا ہے۔

مجموعی طور پر ڈورٹمنڈ اس سے قبل چھ مرتبہ قومی فٹ بال لیگ کی چیمپیئن بن چکی ہے۔ ڈورٹمنڈ فٹ بال کلب کے کوچ ژورگن کلوپ (Jurgen Klopp) ہیں۔ انہوں نے کلب کی کوچنگ کی ذمہ داریاں جولائی سن 2008 میں سنبھالی تھیں۔ وہ اس سے قبل مائنز کلب کے کوچ تھے۔

Dortmund ist Meister 2011 Fußball Bundesliga Deutschland FLASH-GALERIE
چیمپیئن شپ جیتنے کی خوشی میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی اپنے کوچ ژورگن کلوپ کو اٹھائے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کی نئی چیمپیئن ٹیم ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی انتہائی نوجوان ہیں۔ اس کلب میں شامل کھلاڑیوں کی اوسط عمر 23 برس بنتی ہے۔کوچ ژورگن کلوپ بھی تینتالیس سال کے ہیں۔ ڈورٹمنڈ کے اٹھارہ سالہ ماٹس ہُومیلز (Mats Hummels) کو مستقبل کا ایک انتہائی ہونہار کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ اس کےعلاوہ ایک اور اٹھارہ سالہ مڈ فیلڈر، ماریو گوئٹزے (Mario Goetze) کو ونڈر بوائے قرار دیا گیا ہے۔ ان دونوں فٹ بالرز کو جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے لیے مستقبل کا اثاثہ قرار دیا گیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی تعریف سارے جرمنی میں کی جا رہی ہے۔ تعریف کرنے والوں میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ ژوآخم لووو بھی شامل ہیں۔

اس دوران میگاتھ فیلکس کی ٹیم وولفس برگ، اس وقت تنزلی کی منزل سے باہر ضرور آ گئی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ ٹیم ابھی بھی نچلی پوزیشنوں میں ہے۔ شالکے کلب کی کوچنگ سے فارغ کیے جانے کے بعد میگاتھ فیلکس کو دوبارہ وولفس برگ کی انتظامیہ نے اپنی ٹیم کا کوچ مقرر کردیا تھا۔ کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالتے وقت، وولفس برگ کلب کو درجہ دوم میں تنزلی سے بچانا ایک اہم فریضہ تھا۔ ہفتہ کے روز وولفس برگ کی ٹیم نے بریمن کلب کو ایک گول سے ہرایا۔ اگلے دو میچ ڈیز کے دوران ایک اور جیت وولفس برگ کے لیے بہتر ہو گی۔

گزشتہ سال تنزلی کا شکار ہونے والی برلن کی ٹیم ہیرتھا یقینی طور پر اگلے سال جرمن فٹ بال کے ٹاپ لیول کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ اس وقت ہیرتھا کی ٹیم بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم ہے۔ اس کے علاوہ آؤگوس برگ کی ٹیم بھی درجہ اول کے لیے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

بنڈس لیگا کا تینتیسواں میچ ڈے سات مئی سے شروع ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں