1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے ٹائٹل کی دوڑ، دو ٹیموں کے درمیان

25 اپریل 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے ٹائٹل کی دَوڑ دو ٹیموں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ اکتیسویں میچ ڈے کے اختتامی نتائج کے مطابق اب یہ مقابلہ ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن کے درمیان رہے گا۔

https://p.dw.com/p/113N5
تصویر: dapd

اکتیسویں میچ ڈے میں پہلے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کی شکست نے لیورکوزن کی امیدوں کو اور بھی روشن کر دیا ہے۔ ہفتہ کو ڈورٹمنڈ کو لوئر آرڈر کی ٹیم مؤنشن گلاڈباخ نے ایک صفر سے ہرا دیا تھا، جس کے بعد ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس انہتر تک ہی محدود ہیں۔ تاہم نمبروَن کی پوزیشن ابھی تک اسی کے پاس ہے۔

ہفتہ ہی کو لیورکوزن نے ہوفن ہائیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس جیت کے بعد لیورکوزن کی پوزیشن تو ابھی تک دوسری ہے، لیکن اس کے پوائنٹس چونسٹھ ہو گئے۔ یعنی اب یہ ٹیم ڈورٹمنڈ سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر دیگر ٹیموں کی صورت حال کچھ یوں ہے:

تیسرے نمبر پر ستاون پوائنٹس کے ساتھ ہنوور ہے۔ چوتھی پوزیشن چھپن پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ کو حاصل ہے۔ پانچواں نمبر مائنز کا ہے اور اس کے پوائنٹس انچاس ہیں۔ چھٹے نمبر پر سینتالیس پوائنٹس کے ساتھ نیوریمبرگ ہے۔ ہیمبرگ تینتالیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ فرائی برگ کے پوائنٹس اکتالیس ہیں اور یہ آٹھویں نمبر پر ہے۔ ہوفن ہائیم چالیس پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر اور شالکے اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے لیگ کے درجہ دوم سے اوپر آنے والی ٹیم سینٹ پاؤلی ہے اور اس کے پوائنٹس انتیس ہیں۔

Fußball Bundesliga 31. Spieltag: VfL Wolfsburg - 1. FC Köln
وولفس برگ نے کولون کو ہرایاتصویر: picture-alliance/dpa

اکتیسویں میچ ڈے کے دیگر مقابلے:

اس میچ ڈے کا آغاز گُڈفرائیڈے کی وجہ سے خلاف معمول جمعہ کے بجائے جمعرات کو ہو گیا تھا۔ اس دِن فرائی برگ نے ہین اوور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا تھا۔ اس کے بعد ہفتہ کو چھ میچ کھیلے گئے۔ اس دوران کائزرزلاؤٹرن نے شالکے کو صفر ایک سے شکست دی۔ شٹٹ گارٹ نے ہیمبرگ کو تین صفر سے مات دی۔ بائرن میونخ اور فرینکفرٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ سینٹ پاؤلی بریمن سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی۔ اتوار کے مقابلوں میں وولفس برگ نے کولون کو چار ایک سے ہرا دیا جبکہ نیوریمبرگ اور مائنز کا مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں