بنڈس لیگا کا بائیسواں میچ ڈے مکمل
14 فروری 2011کولون کے فارورڈ کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی کے دو گولوں کی مدد سے یہ ٹیم اپنا مسلسل دوسرا میچ جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ اپنی اس کامیابی کے ساتھ کولون کی ٹیم نے مائنز کی بنڈس لیگا کی فہرست میں تیسری پوزیشن سنبھالنے کے خوابوں کو بھی چکنا چور کر دیا۔ کولون کا یہ کلب بائیسویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر اب تیرہویں نمبر پرآ گیا ہے۔ اس کے پوائنٹس 25 ہو گئے ہیں۔
کولون کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اب اس کے بارے میں یہ پیشین گوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ وہ آئندہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے، اب تک کی ٹاپ ٹیموں کو سخت مقابلے دے سکتا ہے۔ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے سٹار کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی کا فارم میں آنا ایک اچھا شگون تصور کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کے مطابق پوڈولسکی ایسے کھلاڑی ہیں، جو اپنی ٹیم کو تن تنہا ہی میچ جتوا سکتے ہیں۔
مائنز کی ٹیم اس شکست کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔ اس کے 37 پوائنٹس ہیں۔ اگر وہ یہ میچ جیت جاتا تو اس کے پاس سنہری موقع تھا کہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر پہنچ جاتا۔
دوسری طرف ہینوور اور ویردر بریمن کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ برابر رہنے کے باعث ہینوور کی ٹیم نے بھی یہ موقع گنوا دیا کہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ جاتی۔ تاہم ایک پوائنٹ کے بعد اب اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 38 ہو گئی ہے اور یوں یہ ٹیم اب چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔
بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے بائیسویں میچ ڈے کے اختتام پر ویردر بریمن کا کلب چودہویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ اس کے کل پوائنٹس چوبیس ہیں۔ اس میچ ڈے کے ختم ہونے کے بعد پہلی نمبر پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم بدستور اپنے قدم جمائے ہوئے ہے۔ اس کے پوائنٹس باون ہیں۔ دوسرے نمبر پر لیور کوزن ہے، جس کے پوائنٹس بیالیس ہیں جبکہ تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے، بنڈس لیگا کی ریکارڈ چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے۔ اس کے مجموعی طور پر پوائنٹس 39 بنتے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک