بنکاک میں ایمر جنسی برقرار رکھنے کا فیصلہ
28 جولائی 2010انہوں نے ملکی سلامتی کے متعلق ایک میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ویک اینڈ پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد بنکاک میں تو ایمرجنسی برقرار رہے گی تاہم دوسرے صوبوں میں یہ بتدریج اٹھا لی جائے گی۔
ویک اینڈ کو ہونے والے بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دھماکہ ایک بس سٹاپ پر ہوا جو کہ وسطی بنکاک کے اسی تجارتی مرکزکے قریب ہے، جس پر سرخ پوشوں نے دو مہینے پہلے قبضہ کرلیا تھا اور جسے تھائی حکومت نے طاقت کے استعمال کے ذریعے ختم کیا۔
تھائی لینڈ کی مرکزی اپوزیشن جماعت 'Puea Thai' نے اس بم دھماکے کا الزام حکومت کے حامیوں پر عائد کیا ہے۔ بنکاک کے وسط میں ہونے والے اس دھماکے نے مئی کے ہنگاموں کے بعد یہاں کی کسی حد تک مستحکم صورتحال کو ایک بار پھر غیر مستحکم کردیا ہے۔
تھائی حکومت پر امریکہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کی جانب سے ایمرجنسی کے خاتمے کے لئے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ماہ رواں کے اوائل میں تھائی لینڈ کی حکومت نے بنکاک کے علاوہ ملک کے دیگر 18 صوبوں میں ایمرجنسی کی مدت میں مزید تین مہینے کی توسیع کر دی تھی، جبکہ پانچ صوبوں میں حالات کے بہتر ہونے کے باعث وہاں سے ہنگامی حالت کا نفاذ ختم کر دیا تھا۔
اپریل اور مئی میں ہونے والے اپوزیشن کے احتجاجی مظاہروں کے دوران پر تشدد واقعات کے دوران 90 افراد ہلاک جبکہ دو ہزار کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ یہ مظاہرین جن میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھاکسن شیناواترا کے حامی بھی شامل تھے فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے تھے۔
رپورٹ : بریخنا صابر
ادارت : افسر اعوان