1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: اقبال کی نظم ’بچے کی دعا‘ پڑھانے پر ٹیچر معطل

جاوید اختر، نئی دہلی
16 اکتوبر 2019

شاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم ’لب پہ آتی ہے دعا‘ پڑھانے پر بھارتی صوبہ اترپردیش میں ایک پرائمری اسکول کے ہیڈماسٹر کو معطل کردیا گیا۔

https://p.dw.com/p/3RMmY
تصویر: Reuters/A. Abidi

اترپردیش کے ضلع پیلی بھیت کے ضلعی مجسٹریٹ نے یہ قدم ہندو قوم پرست تنظیم وشوا ہندو پریشد کی اس شکایت پر اٹھایا ہے جس میں ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو 'مذہبی دعا‘ پڑھانے کی اعتراض کیا گیا تھا۔

اقبال نے جب 'بچے کی دعا‘ لکھی تھی تو شاید ان کے وہم و گمان میں بھی یہ بات نہیں ہو گی کہ اس نظم کے پڑھانے پر کسی شخص کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ ویبھو سریواستوا کا کہنا ہے کہ بلاک ایجوکیشن آفیسر کی تفتیش کے بعد بیسل پور پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر سید فرقان علی کو اس لیے معطل کیا گیا ہے کیوں کہ وہ 'بچوں سے قومی ترانے کے بجائے ایک مذہبی گیت دعا کے طور پر پڑھوا رہے‘ تھے۔

Indien Amtseid Yogi Adityanath, Staat Pradesh
اتراپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ متنازعہ اور مسلم مخالف بیانات جاری کرتے رہے ہیںتصویر: Reuters/P. Kumar

بھارت میں زندہ دفن کر دی گئی نوزائیدہ بچی بچا لی گئی

ضلع مجسٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ اگر ہیڈ ماسٹر فرقان علی قومی ترانے کے بجائے کوئی دوسری نظم پڑھوانا چاہتے تھے تو انہیں اس کی باضابطہ اجازت لینا چاہیے تھی کیوں کہ قومی ترانے کی جگہ کوئی دوسری نظم پڑھوانا جرم ہے۔

معاملے کی تفتیش کرنے والے بلاک ایجوکیشن افسر کا کہنا ہے کہ انہیں وشو ہندو پریشد کی طرف سے جو شکایت ملی تھی، اس میں یہ نہیں کہا گیا تھا کہ اسکول میں بھارت کا قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے یا نہیں۔ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بلکہ شکایت یہ کی گئی ہے کہ 'لب پہ آتی ہے دعا‘ کیوں پڑھائی جاتی ہے۔

معطل ہونے والے استاد کا موقف

دوسری طرف پاؤں سے معذور 45 سالہ سید فرقان علی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے اسکول میں قومی ترانے کے ساتھ ساتھ بالعموم ہندی نظم 'وہ شکتی ہمیں دینا‘ ہی پڑھائی جاتی ہے لیکن چونکہ یہاں نوے فیصد طالب علم مسلمان ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ علامہ اقبال کی نظم 'بچے کی دعا‘ بھی پڑھائی جائے، اس لیے وہ اسکول میں یہ نظم بھی پڑھواتے ہیں۔

فرقان علی نے یہ بھی بتایا کہ اقبال کی مذکورہ نظم پرائمری اسکولوں کے لیے اترپردیش کی صوبائی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ نصابی کتاب میں شامل ہے اوراس نظم میں حب الوطنی، وطن عزیز کی زینت و عظمت اور دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور مدد کرنے کی تعلیم دی گئی ہے۔

ممبئی میں مسلمانوں کی بستی، ممبرا

کیا نیپال بھارت پر انحصار کم کر رہا ہے؟

سید فرقان علی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا، ''یہ سب کچھ دراصل ہندو شدت پسند جماعت وشو ا ہندو پریشد اور 'ہندو واہنی‘ کی کارستانی ہے، جو مجھے اسکول سے نکلوانا چاہتی ہیں۔ ان لوگوں نے اسکول کے باہر اور ضلعی کلکٹریٹ کے دفتر کے سامنے مظاہرے بھی کیے اور جھوٹی شکایت درج کرائی۔ حالانکہ میرے طلبہ روزانہ 'بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ بھی لگاتے ہیں۔‘‘

بھارت اور اقبال کی شاعری

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر محمد اقبال کی نظم 'بچے کی دعا‘ بھارت میں کافی مقبول ہے۔ بیشتر اسکولوں اور بالخصوص مسلم اکثریتی اسکولوں میں کلاس شروع ہونے سے قبل یہ دعا پڑھی جاتی ہے۔ حتی کہ جن اسکولوں میں اردو پڑھنے والے بچے نہیں ہیں، وہاں بھی اس کیسٹ پر یہ دعا چلائی جاتی ہے۔

تاہم ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں اور اردو سے تعلق رکھنے والی ہر چیز کو نشانہ بنانے اور ہندوتوا اور ہندو دھرم کی علامات کو غالب کرنے کی براہ راست یا بالواسطہ کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ پیلی بھیت کا مذکورہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

لاکھوں مسلمان بھارتی شہریت سے محروم

’اقوام متحدہ پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو اپنے کنٹرول میں لے‘

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے موقع پر ڈاکٹر اقبال ہی کی مشہور نظم 'سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘ پورے جوش و خروش کے ساتھ پڑھی جاتی ہے۔ بھارتی فوج بھی اسے اپنے مارچ پاسٹ کے دھن کے طور پراستعمال کرتی ہے۔ لیکن حکمراں جماعت بی جے پی اور اس کی مربی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو اقبال کی شاعری پسند نہیں۔ آر ایس ایس سمجھتی ہے کہ ایک 'اکھنڈ بھارت‘ کی تقسیم کے پس پشت اقبال کا نظریہ بھی کارفرما رہا ہے۔

اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے متنازعہ رہنما یوگی ادیتیہ ناتھ کی حکومت ہے۔ یوگی'ہندو یووا واہنی‘ کے نام سے ہندو نوجوانوں کی ملیشیا کے بانی ہیں اور اپنے مسلم مخالف متنازعہ بیانات کے لیے مشہور رہے ہیں۔

اترپردیش میں ایک استاد کی معطلی کے بعد یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ ملک کے مشکل ترین امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ کے عہدہ پر فائز ہونے والے افسر کو کیا یہ بھی نہیں معلوم کہ 'لب پہ آتی ہے دعا‘ کوئی مذہبی گیت نہیں ہے۔ اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ اب جب کہ اترپردیش کے اس اسکول میں پڑھانے والے واحد ٹیچر کو بھی معطل کردیا گیا ہے تو بچوں کی تعلیم کا کیا ہوگا؟