1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت بلیم گیم بند کرے، پاکستان

کشور مصطفیٰ13 اگست 2014

پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم کی طرف سے لگائے گئے اس الزام کی تردید کی ہے کہ اسلام آباد متنازعہ کشمیر میں بھارت کے خلاف ایک پراکسی وار چھیڑے ہوئے ہے۔

https://p.dw.com/p/1CtVx
تصویر: Reuters

بھارت کے نومنتخب وزیر اعظم اور قوم پرست ہندو لیڈر نریندر مودی نے یہ بیان منگل کو کارگل کے اپنے ایک اچانک دورے سے کچھ لمحے پہلے دیا تھا۔ کارگل کشمیر کا وہ دور افتادہ علاقہ ہے جہاں جنوبی ایشیاء کی دونوں جوہری طاقتوں کے مابین 1999 ء میں خونی جھڑپیں ہو چُکی ہیں۔

نئی دہلی ایک عرصے سے اسلام آباد پر الزام لگا رہا ہے کہ وہ پاکستان میں موجود عسکریت پسند گروپوں، جیسے کہ لشکر طیبہ کو ہمالیہ کے منقسم علاقے میں بھارت کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ بھارت کے ان الزامات کی پاکستان کی طرف سے بارہا تردید کی جاتی رہی ہے۔

گزشتہ روز دیے گئے مودی کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا، ’’مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزام کو دہرایا ہے۔‘‘ اسلام آباد میں وزارت خارجہ کی طرف سے نئی دہلی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایک تعمیری لائحہ عمل اپنائے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’بھارت میں اعلیٰ سیاسی سطح پر پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں میڈیا رپورٹیں بہت افسوسناک اور دل شکن ہیں اور یہ کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ایک اچھے ہمسائے جیسا تعلق رکھنا چاہتا۔‘‘

Modi zu Besuch in Kaschmir 12.08.2014
مودی کا کشمیر کا دورہتصویر: Reuters/India's Press Information Bureau

پاکستان نے کہا ہے کہ وسیع تر علاقائی مفاد اس میں ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک ’بلیم گیم‘ یا الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھنے کی بجائے تمام تر باہمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا رستہ اختیار کرے اور دوستی اور تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کرے۔

کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان منقسم ہے اور دونوں اس خطے کے دعویدار ہیں تاہم دونوں کی حکومتوں کی عمل داری میں کشمیر کا ایک ایک حصہ ہے۔ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے مابین تین جنگوں کا سبب بن چُکا ہے۔

1989ء سے بھارتی حکومت کے خلاف ریاست جموں وکشمیر میں علیحدگی پسند کشمیری باغیوں نے لڑائی شروع کر رکھی ہے۔ باغیوں کے قریب ایک درجن گروپ کشمیر کی آزادی یا پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق کے خواہاں ہیں۔ اس لڑائی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔

Indien Narendra Modi trifft Nawaz Sharif in Neu-Dheli 27.05.2014
مودی نے نواز شریف کے ساتھ دو طرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے انہیں مدعو کیا تھاتصویر: Reuters

15 سال پہلے دونوں ملکوں کے درمیان کارگل کے مقام پر ہونے والی لڑائی میں 1000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ گزشتہ روز کارگِل پہنچنے سے قبل کشمیری علاقے لداخ میں بھارتی فوجیوں سے خطاب کرتے مودی کا کہنا تھا کہ ملکی فوج کو جنگ کی بجائے دہشت گردی سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

مودی کا کارگل کا دورہ ایک ایسے وقت میں عمل میں آیا جب پاکستان نے حال ہی میں اپنے مشرقی شہر سیالکوٹ کے نزدیک سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک سینیئر بھارتی سفارت کار کو طلب کر لیا تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس فائرنگ میں کم ازکم ایک شہری ہلاک ہو گیا تھا۔