بھارت میں آسٹریلوی صحافی کو مودی حکومت پر تنقید کی سزا ملی؟
24 اپریل 2024آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کی دہلی میں مقیم جنوبی ایشیا کے لیے بیورو چیف اوانی دیاس اپنی رپورٹوں میں بھارت میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی بعض پالیسیوں اور اقدامات پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ مودی حکومت نے ان کے لیے بھارت سے رپورٹنگ کرنا بہت مشکل بنا دیا ہے۔
دیاس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ بھارت میں جاری قومی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے دن انہیں اچانک ملک چھوڑ دینے کا حکم دے دیا گیا، کیونکہ ان کے ویز ے کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے لکھا، ''ہمیں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی وزارت داخلہ کی ہدایت پر مجھے انتخابی عمل کی کوریج کے لیے منظوری نہیں ملے گی۔ ہم کو ان قومی انتخابات کے پہلے ہی دن ملک چھوڑنا پڑا جسے مودی 'جمہوریت کی ماں‘ کہتے ہیں۔‘‘
بھارت میں بی بی سی کے خلاف حکومتی کارروائی پر عالمی ردعمل
بھارت کا ٹوئٹر کو بند کرنے کی دھمکی دینے کے الزام سے انکار
جنوری 2022 سے بھارت میں کام کرنے والی دیاس نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے انہیں فون کر کے بتایا کہ ان کے ویزے کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
دیاس کے مطابق انہیں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ مبینہ طور پر سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی کوریج کی وجہ سے کیا گیا، جنہیں گزشتہ سال کینیڈا میں قتل کر دیا گیا تھا۔ دیاس کے بقول، ''اس اہلکار نے مجھے خاص طور پر کہا کہ یہ میری سکھ علیحدگی پسند رہنما والی خبر کی وجہ سے کیا گیا ہے اور یہ کہ بات بہت آگے نکل گئی ہے۔‘‘
بھارت میں پریس کی آزادی پر قدغن لگانے کی ایک اور کوشش
بھارت میں دو برس کے دوران صحافیوں پر 256 حملے، رپورٹ
آسٹریلوی صحافی نے اپنی ایک پوڈکاسٹ میں کہا، ''بھارت میں کام کرنا بہت مشکل تھا، مجھے مودی کی پارٹی والے عوامی پروگراموں میں جانے کے لیے مشکلات کا سامنا تھا، حکومت نے مجھے وہ اجازت نامے بھی نہیں دیے، جو الیکشن کی کوریج کے لیے ضروری تھے۔‘‘ ان کے بقول، ''یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا گیا، نریندر مودی نے مجھے اتنا تنگ کیا کہ ہم نے وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔‘‘
بھارت کا جواب
بھارت کے ایک سرکاری اہلکار نے اس آسٹریلوی صحافی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا، ''یہ درست نہیں ہے، یہ گمراہ کن ہے۔‘‘
اس سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ اوانی دیاس نے ویزا ضابطوں کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس کے باوجود انہیں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے ویزے کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی اور وہ انتخابات کی رپورٹنگ کر سکیں گی۔
بھارتی ذرائع کا کہنا تھا، ''آسٹریلوی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی جنوبی ایشیا کے لیے نامہ نگار اوانی دیاس کا یہ کہنا کہ انہیں انتخابات کی رپورٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، درست نہیں ہے۔ یہ گمراہ کن اور شرپسندانہ ہے۔‘‘
ان ذرائع کے مطابق دیاس کے ویزے کی مدت 20 اپریل 2024 کو ختم ہو گئی تھی۔
بھارت میں صحافیوں کی صورت حال
مودی حکومت پر بھارت میں میڈیا کی آزادی کو کچلنے کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔
صحافتی شعبے کی ایک بین الاقوامی تنظیم 'کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘ کی 2023 کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس وقت کم از کم سات صحافی جیل میں ہیں۔ رواں سال جنوری میں فرانسیسی صحافی وینیسا ڈوگنیکٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ تقریباً دو دہائیوں کے بعد بھارت چھوڑ رہی ہیں۔
انہوں نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بھارت کی مستقل رہائش یعنی اوورسیز شہریت رکھنے کے باوجود ملک میں بطور صحافی کام کرنے سے روکا جا رہا ہے کیونکہ حکومت ان کی رپورٹنگ کو ''بد نیتی پر مبنی اور تنقیدی‘‘ سمجھتی ہے۔
ورلڈ پریس فریڈم انڈکس نے 2023 کی اپنی رپورٹ میں 180 ممالک میں بھارت کو 161 ویں نمبر پر رکھا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورت حال کے حوالے سے گزشتہ دنوں جاری کردہ رپورٹ میں بھی بھارت میں میڈیا اور صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔