بھارت کا طویل رینج والے بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ
18 جنوری 2018بھارت کی وزارت دفاع نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ پانچ ہزار کلومیٹر رینج تک مار کے حامل اس ’اگنی فائیو‘ بین البراعظمی میزائل کو خلیج بنگال میں بھارت کے مشرقی ساحل سے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔ انڈیا کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق یہ میزائل بھارتی دفاعی صلاحیت میں قابل قدر اضافہ ہے۔
'اگنی پانچ‘ بھارت میں اگنی میزائل سلسلے کا مقامی طور پر بنایا گیا جدید ترین ورژن ہے۔ اگنی میزائل بنانے کا سلسلہ سن 1980 میں شروع کیا گیا تھا۔ عسکری ماہرین کے مطابق بھارت نے اگنی میزائل پروگرام اپنے روایتی حریف پاکستان اور پھر چین کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیا ہے۔
نئی دہلی کے مطابق اسے اپنے پڑوس سے دوہرے خطرے کا سامنا ہے۔ اوّل پاکستان سے جو اپنا جوہری پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے اور دوئم چین سے جو بھارت کا حریف ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا قریبی دوست ملک مانا جاتا ہے۔
اگنی سلسلے کے دیگر میزائلوں میں بھارت کا اگنی ون سات سو کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اگنی ٹو کی رینج دو ہزار کلومیٹر تک ہے۔ اگنی تھری اور اگنی فور کی رینج ڈھائی ہزار سے ساڑھے تین ہزار کلومیٹر تک ہے۔