1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ٹرین حادثے میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک

30 اکتوبر 2023

بھارت میں دو مسافر ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے کی وجہ سے کم از کم تیرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ وزارت ریل کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ حادثہ 'انسانی غلطی' کا نتیجہ ہے۔

https://p.dw.com/p/4YBQR
آندھرا پردیش کے وجیا نگرم کا ٹرین حاد ثہ
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ڈرائیو نے ''سگنل کا خیال نہیں رکھا'' اور ریڈ لائٹ کے باوجود اس نے ریل نہیں روکی جس کی بنا پر ''انسانی غلطی'' تصادم کی وجہ بنیتصویر: AP/picture alliance

بھارت میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وجیا نگرم میں دو مسافر ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔

بھارت: ٹرین کی ایک بوگی میں آتش زدگی، نو افراد ہلاک

محکمہ ریل کے سینیئر افسر سورب پرساد نے ایسوسی ایٹیڈ پریس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پیچھے سے آنے والی ایک ٹرین آگے پٹری پر کھڑی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے کم از کم ریل کے تین ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ دوسری طرف بھارتی وزارت ریل نے اپنے بیان میں کہا کہ دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

بھارت: ٹرین کے پٹری سے اترنے پر متعدد افراد ہلاک

وزارت ریل کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ڈرائیو نے ''سگنل کا خیال نہیں رکھا'' اور ریڈ لائٹ کے باوجود اس نے ریل نہیں روکی جس کی بنا پر ''انسانی غلطی'' تصادم کی وجہ بنی۔

اڑیسہ ٹرین حادثہ کی وجہ الیکٹرانک سگنلنگ سسٹم میں خرابی

مالی معاوضے کا اعلان

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر ریل سے بات کی ہے۔ انہوں نے ''سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔''

آندھرا پردیش کے وجیا نگرم کا ٹرین حاد ثہ
بھارت میں ٹرین حادثے ایک عام بات ہیں اور اکثر ان حادثوں کا الزام انسانی غلطی یا سگنل کے پرانے آلات پر عائد کیا جاتا ہےتصویر: AP/picture alliance

مودی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے کے مالی معاوضے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے حکام سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ایمبولینسیں جائے حادثہ پر بھیجیں اور دیگر امدادی اقدامات کریں۔

بھارت میں ٹرین حادثے ایک عام بات ہیں اور اکثر ان حادثوں کا الزام انسانی غلطی یا سگنل کے پرانے آلات پر عائد کیا جاتا ہے۔

رواں ماہ کی 12 تاریخ کو محکمہ ریل کے حکام نے بتایا تھا کہ دہلی سے روانہ ہونے ایک ٹرین کا بہار میں حادثہ پیش آیا تھا، جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ نارتھ ایسٹ ایکسپریس نا می اس ٹرین کے حادثے میں 80 کے قریب مسافر زخمی بھی ہوئے تھے۔

رواں برس جون میں الیکٹرانک سگنلنگ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ریاست اوڑیسہ میں ایک مسافر ٹرین غلط طریقے سے پٹریوں کو تبدیل کر کے ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی تھی۔

اس حادثے میں 280 سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ اسے کئی دہائیوں میں ملک کے ہلاکت خیز حادثات میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔

بھارت میں تقریباً 22 لاکھ سے بھی زیادہ لوگ ہر روز 14,000 ٹرینوں کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں کا سفر کرتے ہیں۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے ایف پی)

بھارت: تین ٹرینوں کا تصادم، ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک