بھارت کی ملکی ساختہ ایک اور ویکسین استعمال کے لیے منظور
21 اگست 2021اس نئی ویکسین کو ایک فارماسوٹیکل کمپنی زیڈس کاڈیلا (Zydus Cadila) نے تیار کیا ہے۔ اس کی منظوری بھارت کے محکمہ بائیوٹیکنالوجی نے دی ہے۔ اس کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ یہ ویکسین دنیا کی پہلی ڈی این اے (ڈی آکسی رائبونیوکلیئک ایسڈ) پر تیار کی گئی ہے۔ قبل ازیں فائزر بائیو این ٹیک اور موڈیرنا نامی ویکسینوں کی تیاری میں آر این اے (رائبو نئوکلیئک ایسڈ) کا استعمال کیا گیا تھا۔
بھارت: کورونا بحران نے بالی ووڈ کا رنگ ہی بدل دیا
ایک منفرد ویکسین
ڈی این اے (ڈی آکسی رائبونیوکلیئک ایسڈ) پر تیار کی گئی یہ منفرد ویکسین بارہ برس سے بڑی عمر کے بچوں کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ اس کا نام زیکو وی ڈی (ZyCoV-D) رکھا گیا ہے۔ یہ ویکسین انجیکشن کے بغیر بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔
اس مناسبت سے دواساز کمپنی گزشتہ چند ہفتوں سے اس ویکسین کے انسانوں پر آزمائشی ٹیسٹ جاری رکھے ہوئے تھی۔ اس آزمائشی عمل کی تکمیل پر ہی بھارت کے بائیوٹیکنالوجی کے مرکزی محکمے نے اس کی ہنگامی ضرورت کے تحت استعمال کی اجازت دی ہے۔
تین خوراکوں والی ویکسین
زیکو وی ڈی کی کم سے کم تین خوراکیں دینا ضروری ہے۔ جب یہ دی جاتی ہے تو یہ انسانی جسم میں 'سارس کوو ٹو‘ وائرس کے انسداد کے حامل پروٹین میں اضافہ کر دیتی ہے اور یہ اضافہ انسان کے مدافعتی نظام کو تقویت دیتا ہے۔
بھارت: کووڈ کی وجہ سے نوجوانوں کی امیدیں چَکنا چُور
یہ امر اہم ہے کہ بھارتی محکمہ بائیوٹیکنالوجی اس ویکسین کی تیاری میں دوا ساز ادارے زیڈس کاڈیلا کا پارٹنر بھی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ ویکسین کسی بھی وائرس کے متغیر یا ویریئنٹ کے خلاف بھی اثر پذیر ہو گی۔ بھارت میں حالیہ مہینوں میں ڈیلٹا ویرئینٹ نے انسانی بستیوں میں تباہی پھیلا دی تھی۔
چھٹی ویکسین
بھارت میں تیار کی جانے والی زیکو وی ڈی چھٹی ویکسین ہے۔ قبل ازیں بھارتی حکومت موڈیرنا، آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا (کوی شیلڈ)، کوویکسین کی ہنگامی ضرورت کے تحت استعمال کی باضابطہ اجازت دے چکی ہے۔ یہ تمام ویکسینیں بھارتی دوا ساز کمپنی 'بھارت بائیوٹیک‘ غیر ملکی فارماسوٹیکل کمپنیوں سے اجازت یا لائسینس حاصل کرنے کے بعد تیار کر رہا ہے۔ ان کے علاوہ روس کی ویکسین اسپٹنک فائیو اور جانسن اینڈ جانسن کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔
بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد اب چار لاکھ سے متجاوز
بھارت میں ویکسینیشن
بھارت اب تک پانچ سو سینتالیس ملین ویکسین کی خوراکیں ملکی آبادی کو فراہم کر چکا ہے۔ اس ملک میں وسیع پیمانے پر ویکسین لگانے کا سلسلہ رواں برس وسطِ جنوری میں شروع کیا گیا تھا۔
اربوں خوراکیں دینے کے بعد اب بھارت میں کووڈ انیس بیماری کی صورت حال قدرے بہتر ہوئی ہے۔ کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس سے بھارت میں ہونے والی ہلاکتیں چار لاکھ تینتیس ہزار سے متجاوز ہو چکی ہیں۔
ع ح/ ع آ (اے ایف پی)