بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آٹھ جنگجو ہلاک
2 اکتوبر 2010بھارتی وزرات دفاع کے ترجمان جی ایس برار نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ایک جھڑپ لائن آف کنٹرول پر ہوئی جبکہ دوسری مسلح جھڑپ سری نگر کے نواح میں ہوئی، ’’جنگجوؤں کا ایک گروہ بھارتی علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ہم نے انہیں چیلنج کیا تو انہوں نے فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ میں پانچ جنگجو مارے گئے۔‘‘ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے دن بھارتی زیر انتظام کشمیر کے شمال میں واقع ضلع کپواڑہ میں پیش آیا۔
جمعہ کے ہی دن ایک دوسری جھڑپ کے نتیجے میں تین جنگجو اور ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ واقعہ سری نگر کے نواح میں واقع گندربال نامی علاقے میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کو خفیہ معلومات ملنے کے بعد اس نے وہاں ایک گھر کا محاصرہ کیا۔
اعلٰی پولیس افسر امتیاز حسین میر نے بتایا،’’شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے باعث باقاعدہ جھڑپ شروع ہو گئی۔ وقوعہ سے تین شدت پسندوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران ان کا ایک سپاہی بھی ہلاک ہو گیا۔
تشدد کا یہ تازہ واقعات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب بھارتی زیر انتظام کشمیر میں شدید تناؤ کے نتیجے میں بھارتی حکام نے بدھ کو ہی فیصلہ کیا تھا کہ وہ حالیہ احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے قیدیوں کو رہا کریں گے اور سری نگر میں سکیورٹی چوکیوں کی تعداد میں بھی کمی کریں گے۔
نئی دہلی حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ پاکستانی علاقوں میں موجود شدت پسند بھارتی علاقوں میں داخل ہو کر تشدد آمیز کارروائیاں کرتے ہیں جبکہ اسلام آباد حکومت ایسے الزامات کو ہمیشہ ہی رد کرتی آئی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر