بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک، پاکستان
26 دسمبر 2017پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ’فائربندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال‘ فائرنگ کی۔ یہ واقعہ پیر کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں راولاکوٹ کے علاقہ میں پیش آیا۔
بھارتی کشمیر: رواں برس 210 عسکریت پسندوں کو مار دیا، پولیس
فرانسیسی صحافی کی بھارتی زیر انتظام کشمیر میں گرفتاری
بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں تین علیحدگی پسند ہلاک
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، تاہم اس بابت مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھی کوئی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس پاکستانی الزام پر بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم فریقین ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی کے الزامات تواتر سے عائد کرتے رہتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف متعدد علاقوں میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور مقامی رہائشی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا یہ تبادلہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے، جب پاکستان میں قید بھارتی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ کلبھوشن یادیو کو پاکستان کے خلاف جاسوسی، دہشت گردی اور دیگر سنگین الزامات کے تحت پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
اتوار کو بھارتی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں اس کے ایک میجر سمیت چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارتی حکام کے مطابق پاکستانی فوج نے سن 2003ء میں طے پانے والے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور ہفتے کو راجوری سیکٹر میں بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستانی فوج اور دفتر خارجہ نے اس بھارتی الزام پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔