بھارتی کشمیر میں بھی ہلاکت خیز سیلاب
6 اگست 2010سری نگر میں پولیس ذرائع کے مطابق ان سیلابوں نے کشمیر میں سطحء سمندر سے کافی زیادہ بلندی پر واقع لداخ کے علاقے میں چند بڑے قصبوں کو خاص طور پر متاثر کیا۔ لداخ میں مقامی ذرائع کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے سری نگر میں پولیس حکام نے بتایا کہ اب تک سیلاب زدہ علاقوں سے کم ازکم 88 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ درجنوں شہری ابھی تک لاپتہ ہیں۔
اچانک آ جانے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے مختلف واقعات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 300 سے زائد بتائی گئی ہے۔ لداخ مسلم اکثریتی آبادی والے کشمیر کے جنوب مشرق میں واقع ہے، جہاں زیادہ تر مقامی باشندے بدھ مت کے پیروکار ہیں اور یہ علاقہ بہت بلندی پر ٹریکنگ کے شوقین مہم جو سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔
بہت شدید اور مسلسل بارشوں کے بعد جمعے کی رات آنے والے اچانک سیلابوں کو ریاستی وزیر سیاحت جوڑا نے ایسی تباہی کا نام دیا، جو پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق لداخ میں Leh کے قصبے اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں سیلابی ریلے نے کئی دیہات کے مکینوں کے اس وقت اپنی زد میں لے لیا، جب وہ اپنے گھروں میں سوئے ہوئے تھے۔ اسی لئے صرف اس قصبے اور اس کے مضافات میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، جن کی تعداد 60 کے قریب بنتی ہے۔
وزیر سیاحت جوڑا نے فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کو ایک ٹیلی فون انٹرویو میں بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ امدادی کارکن ابھی تک سارے ہی متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ پائے۔ جوڑا کے بقول سیلاب زدہ علاقوں میں فوری امدادی کاموں کے لئے فوج بھی طلب کر لی گئی ہے۔
لداخ کے خطے میں آنے والے اس سیلاب کا پانی اتنا تیز رفتار تھا کہ اس نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کیمپ کے ایک حصے کو بھی بری طرح متاثر کیا۔ اس پولیس فورس کے ترجمان پربھاکر ترپاٹھی نے بتایا کہ سیلابی ریلے کی زد میں اس فورس کی درجنوں گاڑیاں بھی آ گئیں، جنہیں سیلابی پانی بہا کر بہت دور تک لے گیا۔
لداخ میں سیاحتی سیزن اگست میں شروع ہوتا ہے، جب بہت زیادہ تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح وہاں جاتے ہیں اور یہ سلسلہ سردیوں کے اوائل تک جاری رہتا ہے۔
بھارتی فضائیہ کی ایک خاتون ترجمان پریا جوشی کے مطابق سیلابی پانی لداخ ائیر پورٹ پر بھی پہنچ گیا، جس کے باعث رن وے پر مٹی کی تہہ جم جانے کے بعد یہ ہوائی اڈہ عارضی طور پر بند کرنا پڑ گیا۔ ترجمان نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ایئر پورٹ جلدہی دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک