1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک صدر ایردوآن کی علالت کے بعد انتخابی مہم میں واپسی

29 اپریل 2023

رجب طیب ایردوان کی ایک براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران طبیعت خراب ہو گئی تھی، اب وہ تین دن کے وقفے کے بعد دوبارہ منظر عام پر آ گئے۔ ترک صدر کو اپنے بیس سالہ دور کے سب سے سخت انتخابی چیلنج کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/4QiKx
Türkei Istanbul | Technologie und Luftfahrt Event "TEKNOFEST" - Recep Tayyip Erdogan
تصویر: Murat Cetinmuhurdar/TUR Presidency/AA/picture alliance / AA

ترک صدر رجب طیب ایردوآن علیل ہونے کی اطلاعات کے بعد تین دن میں ہفتے کے روز پہلی بار منظر عام پر آئے۔ ان کے دفتر نے ترک رہنما کے پیٹ میں انفیکشن  کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد وہ اگلے ماہ ملک میں ہونے والے انتخابات سے پہلے چند دنوں تک اپنی انتخابی مہم سے دور رہے۔ ایردوآن نے استنبول میں ہوابازی کے تجارتی میلے ٹیکنو فیسٹ میں ایک ہجوم سے خطاب کیا اور ترکی کے پرچموں کے ساتھ آنے والے ہزاروں حامیوں کی جانب پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس تقریب میں 69 سالہ ترک صدر کے ساتھ آذربائیجان کے صدر الہام علیوو اور لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید محمد دبیبہ بھی موجود تھے۔

Türkei | Erdogan in Istanbul
ایردوآن استنبول میں ہوابازی کے تجارتی میلے ٹیکنو فیسٹ میں اپنی اہلیہ امینے ایردوآن کے ہمراہ تصویر: Ali Atmaca/AA/picture alliance

آذربائیجان اور لیبیا دونوں اپنے ہاں تنازعات میں ترکی کے جنگی ڈرون استعمال کر چکے ہیں اور بغیر پائلٹ والے یہ جہاز اس ویک اینڈ پر ایوی ایشن فیسٹیول میں نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

بیماری ٹی وی پر براہ راست

منگل کی رات ٹیلی ویژن پر براہ راست نشریات کے دوران بیمار ہونے کے بعد سے ایردوآن عوام کی نظروں سے اوجھل تھے۔ ان کی ٹی وی پر موجودگی کے دوران طبعیت کی ناسازی نے افواہوں کی ایک لہر کو جنم دیا تھا اور حکومت نے ایسی کچھ مثالوں کے اسکرین شاٹ شیئر کر کے  انہیں بے بنياد قرار دیا تھا۔

ترکی کے آئندہ انتخابات میں کیا داؤ پر لگا ہوا ہے؟

وزیر صحت فرحتین کوجا نے کہا تھا کہ ایردوآن معدے کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ ان کے بقول یہ ایک ہاضمہ کا مسئلہ تھا، جس کا علاج آسانی سے کیا جا سکتا ہے اور عام طور پر چند دنوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے۔ ہجوم سے خطاب کرتے ہوئےایردوآن  نے فروری میں ترکی میں آئے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں بات کی۔ اس زلزلے میں  پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنی تقریر کے دوران انہوں نے اس ہفتے اپنی صحت کی خرابی سے متعلق بات نہیں کی اور اپنی توجہ ترکی کے خلائی مشن کے آغاز پر مرکوز رکھتے ہوئے اسے  ''ترکی کی صدی‘‘ قرار دیا۔

Deutschland Wahlberechtigte im türkischen Konsulat in Berlin
جرمنی میں مقیم ترک تارکین وطن نے چودہ مئی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیںتصویر: Maja Hitij/Getty Images

خلائی مشن کے لیے فوجی پائلٹ کی نامزد گی

ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے ایونٹ ٹیکنوفیسٹ میں ایردوآن  نے سن 2023 کے آخر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے ملک کے پہلے انسان بردار مشن کے لیے ترک امیدوار کے نام کا انکشاف کیا۔ ایردوان نے نے ہجوم کو بتایا کہ فوجی پائلٹ الپر گیزر آوجی کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پر چودہ دن کے مختصر قیام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک راکٹ انجینئر کو بھی متبادل امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

 ایردوآن ایسے اہم تکنیکی یا دفاعی منصوبوں کو انتخابی مہم کے دوران اپنی کامیابیوں کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ انتخابات میں ان کے اہم حریف کمال کلیچ دار اولو  نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ اگر وہ جیت جاتے ہیں تو استنبول میں خلائی تحقیقی مرکز قائم کریں گے۔

ش ر ⁄ ع س ( اے ایف پی، ڈی پی اے)