1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالآخر ترکی نے فن لینڈ کی نیٹو رکنیت کی توثیق کر دی

31 مارچ 2023

ترک قانون سازوں نے نیٹو فوجی اتحاد میں فن لینڈ کی شمولیت کی متفقہ طور پر حمایت کی ہے۔ ترک صدر نے مہینوں کے مذاکرات کے بعد اس ماہ کے اوائل میں فن لینڈ کو امیدواری کی مبارک باد پیش کی تھی۔

https://p.dw.com/p/4PWqg
 Erdogan - Niinisto Treffen in Ankara
تصویر: Emin Sansar/AA/picture alliance

ترکی کی پارلیمنٹ نے 30 مارچ جمعرات کے روز فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی درخواست کی توثیق کر دی۔ ترکی 30 ممالک پر مبنی نیٹو کا وہ رکن ہے، جس نے سب سے آخر میں اس کی حمایت کی اور اب فن لینڈ کے لیے اس فوجی اتحاد میں شامل ہونے کی آخری بڑی رکاوٹ بھی ختم ہو گئی۔

فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو رکنیت جلد منظور کی جائے،جرمن وزیر خارجہ

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے مہینوں کے مذاکرات کے بعد اس ماہ کے اوائل میں فن لینڈ کو امیدواری کی مبارک باد پیش کی تھی۔

'یہ فن لینڈ اور سویڈن کا استقبال کرنے کا وقت ہے'، نیٹو

ترک قانون سازوں نے متفقہ طور پر نورڈک ملک کے الحاق کے حق میں ووٹ کیا۔ حکمران جماعت کے قانون ساز عاکف کاگتے کِلِک نے ووٹنگ سے چند لمحوں قبل کہا، ”آج شام، ہم فن لینڈ سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں۔"

سویڈن اور فن لینڈ نیٹو معاہدے پر عمل نہیں کر رہے، ترکی

نیٹو کے سیکرٹیری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے ترکی کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی اتحاد کو مزید ''مضبوط اور محفوظ'' بنائے گا۔

ترکی کی فن لینڈ اور سویڈن کو نیٹو رکنیت سے روک دینے کی دھمکی

فن لینڈ روس کے ساتھ 1,300 کلومیٹر طویل سرحد کا اشتراک کرتا ہے اور اب نیٹو اتحاد کا 31 واں رکن بننے میں محض چند رسمی اقدام کی ضرورت ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ اگلے ہفتے کے اوائل تک اس عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

نیٹو کے لیے مشکل راستہ

گزشتہ برس یوکرین پر روسی حملے کے بعد فن لینڈ اور سویڈن کو اس بات کا خوف لاحق ہو گیا کہ وہ بھی اس کا اگلا نشانہ ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے دونوں ملکوں نے فوجی عدم اتحاد کی اپنی روایتی پوزیشن کو ترک کر دیا اور گزشتہ برس مئی میں نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دی۔

Türkei Diplomatie l Präsident Erdogan empfängt den finnischen Präsidenten Niinisto
فن لینڈ کے صدر نے اسی ماہ انقراہ کا دورہ کر کے اپنے ترک ہم منصب طیب ایردوآن سے ملاقات کی تھیتصویر: Murat Cetinmuhurdar/Presidential Press Office via REUTERS

نیٹو میں نئے ملک کو تسلیم کرنے کے لیے تمام رکن ممالک کے درمیان اتفاق کی ضرورت ہوتی ہے۔ ترک صدر طیب ایردوآن نے سیکورٹی سے متعلق بعض حل طلب مسائل پر مطالبات کی وجہ سے سویڈن کی رکنیت کی درخواست کو ابھی تک روک رکھا ہے۔

گزشتہ ہفتے ہنگری نے بھی فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی درخواست کو منظور کر لیا تھا، تاہم سویڈن سے متعلق ووٹنگ ابھی تک پارلیمانی ایجنڈے میں شامل نہیں ہو سکی ہے۔

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز سویڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ ''فضا کو

 صاف کریں '' اور پارلیمنٹ سے اپنی کوشش کی توثیق کے لیے ''بڑی تعداد میں موجود شکایات'' کو دور کرنے کی کوشش کریں۔

سویڈن بھی 'پر امید ہے'

گزشتہ ہفتے ہی سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے کہا تھا کہ ''یہ کہنے کی ضرورت ہی نہیں ہے'' کہ جولائی میں ولنیئس میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس تک ان کا ملک اس کا رکن بن جائے گا۔

تاہم تازہ صورت حال کے پیش نظر انہوں نے جمعرات کے روز سویڈن کی قومی خبر رساں ایجنسی ٹی ٹی سے بات چیت میں کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے حالیہ ریمارکس کو نوٹ کیا ہے اور اب انہیں اپنے الفاظ میں ردوبدل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا، ''میرے خیال سے اس تناظر میں 'پر امید ہونے' کا لفظ زیادہ  بہتر ہے۔''

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)