’توہینِ اسلام کا ارتکاب‘، دو ٹیچروں کو سزا سنا دی گئی
27 اپریل 2016جنوبی بنگلہ دیش کے علاقے باگیراہٹ کے حجلہ ہائی اسکول کے دو طلبا نے انتظامیہ کو شکایت درج کروائی کے اُن کی سائنس کلاس میں اسسٹنٹ ٹیچر نے اِس کی نفی کی ہے کہ قران کے الفاظ اصل میں اللہ کے الفاظ ہیں اور جنت کی بھی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹد پریس کو اِس شکایت بابت مقامی ضلعی مجسٹریٹ انور پرویز نے بتایا۔ مجسٹریٹ کے مطابق بعد میں اسکول کے ایک سینیئر ٹیچر نے بھی اپنے نائب ساتھی استاد کے الفاظ کی تائید کی۔
اِس شکایت کی گُن سُن جب قریبی اسلامی اسکول کے طلبا کو ملی تو وہ مشتعل ہو گئے۔ سترہ اور اٹھارہ برس کے کئی طلبا نے ان کلمات پر شور شرابہ شروع کر دیا۔ اِس پر قریبی بستی کے لوگ بھی بھڑک اٹھے۔ مذہبی اسکول کے طلبا، اُن کے والدین اور دوسرے دیہاتی انتہائی زیادہ اشتعال میں آ نے کے بعد ڈنڈے اٹھا کر دونوں ٹیچروں سے مبینہ توہین کا بدلہ لینے نکل پڑے۔
مجسٹریٹ انور پرویز کے مطابق صورت حال اتنی خراب ہو گئی کہ پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ پولیس کی مدد اِس لیے بھی ضروری ہو گئی تھی کہ لوگ ان دونوں ٹیچروں کو مذہب کے بارے میں توہین آمیز الفاظ ادا کرنے کی خود سزا دینا چاہتے تھے۔
انور پرویز نے بتایا کہ جب ٹیچروں کو مشتعل ہجوم کی خبر ہوئی تو انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے ایک اندرونی کمرے میں پناہ لے لی۔ وہ اُس کمرے سے باہر تب نکلے جب پولیس نے انہیں یقین دلا دیا کہ مشتعل ہجوم کو منتشر کر دیا گیا ہے اور پولیس اُن کی حفاظت کرے گی۔
بعدازاں ناراض لوگوں کے غصے کو رفع کرنے کے لیے ایمرجنسی مقدمات کی فوری طور پر فیصلہ کرنے والی عدالت نے حجلہ ہائی اسکول کے طلبا کی شکایت پر کارروائی مکمل کرتے ہوئے نائب اور سینیئر ٹیچروں کو چھ چھ ماہ کی قید سزا سنا دی۔
ان ٹیچروں کو سزا اُس قانون کے تحت دی گئی جو برسوں قبل برصغیر پاک و ہند پر حکومت کرنے والی انگریز سرکار نے ضابطہٴ فوجداری میں شامل کیا تھا۔ اس قانون میں کسی بھی مذہب کی توہین کرنے والے کے لیے چھ ماہ کی سزا مقرر کی گئی تھی۔
مبصرین کے مطابق برسوں کے بعد اِس قانون کو حرکت میں لایا گیا ہے وگرنہ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں اکثریتی آبادی کے مذہب بارے کوئی ایسا جملہ جو اُن کو پسند نہ آئے تو وہ عام لوگ اُسے توہینِ مذہب کے زمرے میں لے آتے ہیں اور پھر سخت عقیدے کے مذہبی لوگ ایسے الفاظ ادا کرنے والے کو مار مار کر موت کے اندھیری دنیا میں ہمیشہ کے لیے دھکیل دیتے ہیں۔