جب پاکستانی ٹیم نے اسرائیلی ٹیم کو پانچ گول سے شکست دی
28 جولائی 2019پاکستانی اور اسرائیلی کھلاڑیوں کے مابین یہ مناظر برطانوی علاقے ویلز کے شہر کارڈف کے میدان میں کھیلے جانے والے ایک فٹبال میچ کے تھے، جہاں بے گھر افراد کا فٹبال عالمی کپ کھیلا جا رہا ہے۔ یہ محض کھیل نہیں بلکہ بے گھروں کا ورلڈ کپ مشکل حالات میں گھرے ان کھلاڑیوں کی زندگیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے۔
سترہویں 'ہوم لیس ورلڈ کپ‘ میں دنیا بھر کے پچاس ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ہفتہ ستائیس جولائی کے روز شروع ہونے والا یہ ورلڈ کپ سات روز جاری رہے گا۔
ٹورنامنٹ میں جرمنی اور کئی دیگر ترقی یافتہ ممالک کی بے گھر افراد کی ٹیموں سے لے کر پاکستان اور بھارت سمیت پچاس سے زائد ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں۔
خواتین کے ورلڈ کپ کے لیے سولہ ممالک کی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جب کہ مردوں کے ورلڈ کپ کے چوالیس ممالک پر مشتمل ٹیمیں آٹھ گروپوں میں منقسم ہیں۔ ہر گروپ میں پانچ یا چھ ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ ای میں پاکستان اور اسرائیل سمیت چھ ممالک کی ٹٰیمیں شامل ہیں اور ان میں سے تین ٹیمیں ہی اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اس گروپ میں پاکستان، اسرائیل، فرانس، پرتگال، ہنگری اور شمالی آئرلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے اپنا پہلا میچ اسرائیل کے خلاف کھیلا۔
پاکستان بمقابلہ اسرائیل
اس مقابلے میں کھیلے جانے میچوں کا دورانیہ چودہ منٹ ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں دو کے مقابلے میں چار گول سے سبقت حاصل کر لی تھی۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو اسرائیلی کھلاڑیوں نے تیسرا گول کر دیا تو یوں دکھائی دیا کہ مقابلہ سخت رہے گا۔ لیکن پاکستانی ٹیم نے پانچ مزید گول کر کے آخر کار میچ چار کے مقابلے میں نو گول سے جیت لیا۔
۔اتوار اٹھائیس جولائی کو پاکستانی ٹیم پہلے ہنگری اور بعد ازاں فرانس کے خلاف میچ کھیلے گی۔
گروپ ایچ میں شامل جرمن ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں لیتھوانیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم بوسنیا ہرزیگوینا کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھا گئی۔