جرمن تجارتی وفد کا دورہ پاکستان
22 ستمبر 2010ان خیالات کا اظہار کلاؤس فرنیلز نے کراچی میں ڈوئچے ویلے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جرمن تاجروں سے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ملاقات کا اہتمام کراچی میں جرمن قونصل خانے نے کیا تھا۔ اس موقع پر جرمن وفد کے سربراہ کلاؤس فرنیلز نے کہا کہ وہ پاکستان آ کر یہاں کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ذہانت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں پاکستانی تاجروں کی اپنے پیشے سے لگن نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستان کے بارے میں نہایت منفی تاثر تھا مگر پاکستان آ کر انہیں اندازہ ہوا کہ کراچی ایک ترقی یافتہ اور جدید شہر ہے، جہاں جرمن تاجروں کےلئے سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر کراچی میں متعین جرمن قونصل جنرل ڈاکٹربریشٹ نے کہا کہ اس جرمن وفد کی کراچی آمد اور ملکی تاجروں کے ساتھ ملاقاتوں سے نہ صرف بیرون ملک پاکستان کا منفی تاثر بہتر ہوگا بلکہ جرمنی اور پاکستان کے تاجروں کو سرمایہ کاری کےلئے ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
جرمن وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے سرمایہ کاری زبیرموتی والا نے کہا کہ جرمنی اور یورپ کے تاجروں کے وفود کی آمد سے پاکستانی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ جرمن تجارتی مہمان پاکستانی تاجروں کے رویے سے بےحد متاثر ہوئے ہیں اور وہ پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ زبیر موتی والا کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بھی مزید فروغ ملے گا۔
رپورٹ: رفعت سعید، کراچی
ادارت: عصمت جبیں