جرمن سفیر کو آخر کار اپنی پسند کی سائیکل مل ہی گئی
پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی جانب سے پاکستانی سائیکل کی خریداری اور پھر اس پر ٹرک آرٹ کروانے کا فیصلہ ٹوئٹر پر ان کے فینز کو خوب پسند آیا۔
پاکستان سے باہر تیار کی گئی سائیکلیں
کچھ روز قبل مارٹن کوبلر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر راولپنڈی شہر کے ایک بازار کی تصاویر شیئر کیں جہاں سے وہ پاکستان میں بنی ہوئی ایک سائیکل خریدنا چاہتے تھے۔ کوبلر کے مطابق انہیں بازار میں زیادہ تر ایسی سائیکل ملیں جو پاکستان سے باہر تیار کی گئی تھیں۔
پاکستان میں تیار کردہ پیکو کمپنی کی سائیکل مل ہی گئی
کچھ دیر ڈھونڈنے کے بعد انہیں بالآخر پاکستان میں تیار کردہ پیکو کمپنی کی سائیکل مل ہی گئی۔ کوبلر نے اپنے لیے لال رنگ کی ایک سائیکل پسند کی۔ خیال رہے کہ پیکو کے علاوہ پاکستان میں سہراب نامی کمپنی بھی سائیکل تیار کرتی ہے۔
سرخ رنگ والی خرید لی
ان تصاویر کے ساتھ جرمن سفیر نے ٹوئیٹ کیا، ’’اُف، انتخاب کے حوالے سے کیا مشکل دن تھا، پاکستان میں تیار کر دہ سائیکل لینا چاہی، پہلے تو یہ تلاش کرنا مشکل تھی۔ تمام غیر ملکی تیار شدہ!! پھر آخرکار راولپنڈی میں مل گئی۔ پھر یہ فیصلہ مشکل ہو گیا کہ سہراب لی جائے یا پیکو؟ آخرمیں، یہ سرخ رنگ والی خرید لی۔ جس پہ گھنٹی بھی ہے۔ آپ لوگوں کو کیسی لگی؟‘‘
سائیکل کو مزید پاکستانی بنانے کی خواہش
مارٹن کوبلر کی ٹوئیٹس کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ اب وہ اپنی سائیکل کو مزید پاکستانی بنانے کی خواہش رکھتے تھے۔مارٹن کوبلر نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا، ’’میں اپنی روزمرہ زندگی میں مقامی پاکستانی رنگ چاہتا تھا۔ لہٰذا اپنی نئی پاکستانی سائیکل حاجی پرویز صاحب کے پاس لے گیا۔ وہ رنگوں کے ساتھ کھیلنا جانتے ہیں۔ دیکھتے ہیں کیسی آرٹ میری سائیکل پر سجتی ہے۔‘‘ اب اس کا بےصبری سے انتظار ہے۔‘‘
سائیکل کو شاندار رنگوں سے بھر دیا
وہ اپنی سائیکل کو ٹرک آرٹسٹ حاجی پرویز کے پاس لے گئے۔ حاجی پرویز نے ان کی سائیکل کو شاندار رنگوں سے بھر دیا۔ جرمن سفیر نے اپنی نئی خوبصورت سائیکل کی تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پہ لکھا، ’’میری پاکستانی سائیکل کمال کے ٹرک آرٹ کے ساتھ تیار ہے۔ پنڈی کی گلیوں میں کچھ دیر چلائی بھی۔ مزہ آیا! اگر آپ گھنٹی کے بارے میں سوچ رہے ہیں، تو وہ بھی کام کرتی ہے۔بتائیں، رنگوں کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘
مارٹن کوبلر کے قریب پونے دو لاکھ فالورز
اس خوبصورت مصوری کو کئی لوگوں نے سراہا۔ ٹوئٹر پر مارٹن کوبلر کے قریب پونے دو لاکھ فالورز ہیں۔ انہی میں سے ایک نصیر عباسی نے لکھا،’’ بہت ہی کمال لگ رہی ہے آپ کی پاکستان کے لیے ہر کاوش ہم پر قرض ہے ہم آپ کے ممنون ہیں کے آپ ہمیں مثبت راہ پر چلنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘‘
پاکستان کے بارے میں مثبت سوچ
ایک اور فالوئر مدثر اعوان نے لکھا، ’’سائکل باکمال ہے لیکن آپ کی پاکستان کے بارے میں مثبت سوچ اور عمل واقعی شاندار ہے۔‘‘