1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں ساتواں بالی وُڈ فلمی میلہ

7 جولائی 2010

اکیس جولائی سے پچیس جولائی تک جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں ایک بار پھر بھارتی فلموں کا سالانہ میلہ سجے گا، جس میں اِس بار پچاس فیچر، مختصر اور دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/OCD2
تصویر: picture-alliance/ dpa

بھارت میں فلمیں روزمرہ زندگی کا ایک لگا بندھا حصہ ہیں اور وہاں روزانہ بارہ ملین فلم بین فلموں سے محظوظ ہونے کے لئے سینماؤں کا رُخ کرتےہیں۔ جرمن شہر شٹٹ گارٹ بالی وُڈ فلم نگری ممبئی کا جڑواں شہر ہے اور اِسی جرمن شہر میں سن 2004ء سے باقاعدگی کے ساتھ ہر سال بھارتی فلموں کا میلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جو جرمنی بھر میں بالی وُڈ فلموں کا واحد میلہ ہے۔گزشتہ کچھ برسوں سے بھارتی فلمی صنعت کی وہ شخصیات باقاعدگی کے ساتھ اِس جرمن شہر کے میلے میں آ رہی ہیں، جو اپنی نئی فلمیں مغربی دُنیا میں ریلیز کرنا چاہتی ہیں۔

Mallika Sherawat Bollywood Schauspielerin
بھارت میں روزانہ بارہ ملین فلم بین فلموں سے محظوظ ہونے کے لئے سینماؤں کا رُخ کرتےہیںتصویر: AP

اپنی نوعیت کے اِس ساتویں میلے میں ’بالی وُڈ مقابلہء رقص‘ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ساتھ ساتھ ’انڈین ولیج‘ کے نام سے ایک بازار بھی سجے گا، جہاں بھارتی مصنوعات خریدی جا سکیں گی اور بھارتی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکے گا۔

اس میلے کا سب سے بڑا اعزاز ’جرمن سٹار آف انڈیا‘ کہلاتا ہے، جس کی مالیت چار ہزار یورو ہے۔ اکیس جولائی کو اِس میلے کا افتتاح امریکی ہدایتکار ڈیوڈ کپلان کی فلم ’ٹوڈیز سپیشل‘ سے ہو گا۔ دو ملین ڈالر کے محدود بجٹ سے تخلیق ہونے والی یہ مزاحیہ فلم امریکی شہر نیویارک میں چٹ پٹے انڈین کھانوں کے گرد گھومتی ہے اور اِس میں ایک مرکزی کردار مایہ ناز اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی ادا کیا ہے۔

Die indische Bollywoodschauspielerin Diya Mirza
بھارتی فلم اداکارہ دیا مرزاتصویر: UNI

اِس میلے میں دکھائی جانے والی اہم فلموں میں جموں و کشمیر کی تاریخ سے متعلق ہدایتکار راہول ڈھولکیہ کی نئی فلم ’لمحہ‘ بھی شامل ہے، جو بھارت بھر کے سینماؤں میں سولہ جولائی سے دکھائی جا رہی ہے اور جس میں مرکزی کردار سنجے دَت نے انجام دیا ہے۔ بھارتی سینسر بورڈ نے اِس فلم کی تشہیر کے لئے استعمال کئے جانے والے اِس جملے پر اعتراض کیا تھا کہ کشمیر ’دُنیا کا خطرناک ترین مقام ہے‘، جس پر فلم کے ہدایتکار کو ضروری تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ ڈھولکیہ اِس سے پہلے ریاست گجرات میں سن 2002ء کے ہندو مسلم فسادات کے موضوع پر ’پرزانیہ‘ کے نام سے بھی ایک فلم بنا چکے ہیں۔

شٹٹ گارٹ کے فلمی میلے میں دکھائی جانے والی دیگر فلموں میں ممتاز ہدایتکار شیام بینیگال کی فلم ’وَیل ڈَن ابا‘، عرفان کمال کی پہلی فلم ’تھینکس ما‘ اور ابھیشیک چوبے کی ’عشقیہ‘ بھی شامل ہیں۔

فلمی میلے کی جیوری کے ارکان میں فلمی دُنیا کی دیگر شخصیات کے ساتھ ساتھ ایک اعزازی مہمان کے طور پر بالی وُڈ کی خوبصورت ہیروئن منیشا کوئرالہ بھی شامل ہوں گی، جو بنیادی طور پر نیپال سے تعلق رکھتی ہیں اور جن کی ابھی جون میں کٹھمنڈو میں دھوم دھام سے شادی بھی ہوئی ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں