1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فوجیوں کی فائرنگ سے پانچ افغان فوجی ہلاک

3 اپریل 2010

افغانستان میں جرمن فوج کی فائرنگ سے افغان سیکیورٹی فورسزکے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان وزارت دفاع نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ قبل ازیں جمعہ کو افغانستان میں طالبان کے ساتھ جھڑپ میں تین جرمن فوجی ہلاک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/MmfH
تصویر: AP
Karl-Theodor zu Guttenberg im Kosovo
جرمن وزیر دفاع کارل تھیوڈور سوگوٹین بیرگتصویر: AP

افغان وزارت دفاع کے ترجمان زاہر عظیمی نے کہا کہ اس وقت کابل حکومت کی تمام ہمدردیاں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور یہ بات ان تک پہنچا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ س واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

محمد ظاہر عظیمی نے اس واقعے کی شدید مذمت بھی کی ۔ قندوز میں تعینات جرمن حکام نے بتایا کہ یہ افغان سیکیورٹی اہلکار دو مختلف گاڑیوں میں سوار تھے۔ یہ گاڑیاں جس وقت جرمن فوجیوں کی جانب بڑھیں تو انہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ جرمن افواج کے اشارے کونظر انداز کرنے پر ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔ جس سے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

جرمن وزیر دفاع کارل تھیوڈور سوگوٹین بیرگ نے کہا کہ حالیہ واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہےکہ افغان مشن مشکل بھی ہے اور اہم بھی: ’ افغانستان کی صورتحال تشویشناک حد تک خطرناک ہے۔ اس صورتحال کو ہم نہ تو پوشیدہ رکھ سکتے ہیں اور نہ ہی ہمیں ایسا کرنا چاہئے۔ جرمنی افغانستان سے فوجی انخلاء کے بارے میں سوچ و بچار کر رہا ہے۔ لیکن اس وقت تک یہ ایک مشکل اور خطرناک مشن ہے اورحالیہ جھڑپین یہ واضح کر رہی ہیں کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔‘

قندوز کے گورنر محمد عمر نے ہلاک شدگان کی تعداد چھ بتائی ہے۔ محمد عمر نے کہا کہ یہ واقعہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق افغان نیشنل آرمی کے یہ اہلکار بین الاقوامی آئی سیف دستوں کی مدد کی غرض سے ضلع چاردارا کے راستے میں تھے۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں جمعہ کو طالبان کے ساتھ جھڑپ میں تین جرمن فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

ein Jahr Obama Flash-Galerie
جرمنی افغان مشن کے لئے فوجی فراہم کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہےتصویر: AP

قندوز دفاعی حوالے سے بہت اہم ہے۔ یہاں سے افغان دارالحکومت کابل تک ایک شاہراہ ہے جسے اشیاء خودو نوش پہنچانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہےاور نیٹو بھی یہی راستہ عسکری سامان اور دیگر چیزوں کی تریسل کے لئے استعمال کرتا ہے۔ ’گڈ فرائیڈے‘ کو ہونے والے اس حملے کی منصوبہ بندی سے اندازہ ہوتا ہے کہ طالبان آئی سیف دستوں پر اب بہتر حکمت عملی کے ساتھ حملے کر رہے ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں