جرمن فوجیوں کے ہاتھوں افغان سویلین خاتون ہلاک، افغان پولیس
10 مارچ 2011ضلع چاردرہ کے پولیس سربراہ غلام محی الدین کے مطابق’’ جرمن فوجیوں نے جو کہ ڈسٹرکٹ چاردرہ کے علاقے درمان میں گشت پر تھے، ارد گرد کے علاقے میں فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں ایک افغان خاتون ہلاک جبکہ دوسری زخمی ہوگئی۔"
محی الدین کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون اپنے گھر کی چار دیواری کے اندر موجود تھی جو گولی لگنے کی وجہ سے فوری طور پر جاں بحق ہوگئی، جبکہ زخمی ہونے والی خاتون ایک عمارت کے باہر موجود تھی۔ یہ واقعہ افغان صوبہ قندوز میں بدھ کے روز پیش آیا،جہاں افغان فوجیوں کی زیادہ تر تعداد تعینات ہے۔
چاردرہ کے پولیس سربراہ کے مطابق جرمن فوجیوں کا کہنا تھا کہ ان پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں انہوں نے بھی فائرنگ کی، تاہم محی الدین کہتے ہیں،’’رپورٹس کے مطابق وہاں فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا اور جرمن فوجیوں نے غلط طور پرفائرنگ کی۔"
اعداد وشمارکے مطابق افغانستان میں اس وقت قریب چار ہزار آٹھ سوجرمن فوجی، بین الاقوامی امدادی فوج ISAF کا حصہ ہیں۔ افغانستان میں جرمن فوجی مشن کے آغاز سے اب تک اڑتالیس جرمن فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عدنان اسحاق