جرمن فٹ بال ٹیم کے نئے کپتان: فلپ لہم
28 مئی 2010جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ ژوآخم لوو نے اُن اندازوں اور تبصروں کو ختم کردیا ہے کہ جرمن فٹ بال ٹیم کی قیادت کس کو سونپی جائے۔ لوو نے دفاعی کھلاڑی فلپ لہم کو مشائیل بالاک کی جگہ جرمن ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ مڈ فیلڈ میں کھلینے والے باسیتان شوائن سٹائگر کو نائب کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ قومی کوچ کے خیال میں مشائل بالاک کی کھیل کے دوران ذمہ داری کو شوائن سٹائگر احسن طور پر نبھانے کی قابلیت رکھتے ہیں اور اس مناسبت سے ورلڈ کپ میں ان کو ذمہ داریوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ مشائل بالاک دو ہفتے قبل انگلش کلب چیلسی کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنا ٹخنا زخمی کروا بیٹھے تھے۔ کپتانی کے امیدواروں میں کچھ کا خیال تھا کہ فارورڈ کھلاڑی میرو سلاو کلوزے بھی ہو سکتے ہیں۔
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے نئے کپتان مشہور فٹ بال کلب بائرن میونخ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ وہ گیارہ نومبر 1983 میں میونخ، باویریا میں پیدا ہوئے تھے۔ 26 سالہ لہم نے فٹ بال کا بین الاقوامی کیرئر اپنے ملک کے لئے سن 2004 میں شروع کیا تھا۔ اب تک وہ کل 64 بین الاقوامی میچوں میں جرمنی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ جرمنی کی اکیس سال سے کم عمر ٹیم کے رکن کے طور پر تین میچوں میں بھی شرکت کی تھی۔ لہم نے دو سال تک جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں شٹٹ گارٹ کے کلب کی طرف سے بھی کھلیتے رہے ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار کئے جاتے ہیں جو بغیر فاؤل کی کوشش کے مخالف ٹیم کے فارورڈ کھلاڑیوں کے حملے کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کپتانی اعلان کے وقت قومی کوچ ژوآخم لوو نے جرمن فٹ بال ٹیم کے لئے گول کیپر کے انتخاب میں مانویل نوئر کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوئر کا تعلق ایک اور مشہور جرمن فٹ بال کلب شالکے سے ہے۔ موجودہ گول کیپر رینے اڈلر کو بھی ہڈی میں فریکچر کی وجہ سے کھیل سے کنارہ کش ہونا پڑا ہے۔ گول کیپری کے لئے دوسری چوائس میں انہوں نے ٹم وائس کو منتخب کیا ہے۔
جرمنی کی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں ہے اور اس گروپ میں اُس کا مقابلہ آسٹریلیا، گھانا اور سیربیا کی ٹیموں سے ہو گا۔ ورلڈ کپ کی شروعات جون کی گیارہ تاریخ سے ہوں گی۔ جرمن ٹیم اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو آسٹریلوی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: سائرہ حسن