1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن میلوں میں بھارتی فلموں کے چرچے

18 ستمبر 2010

بھارتی فلم ’مَیں کلام ہوں’ کو حال ہی میں فرینکفرٹ میں بچوں کے لئے فلموں کے جرمن میلے ’لُوکاس‘ میں بہترین طویل فلم کے انعام سے نوازا گیا۔ برلن کے مختصر فلموں کے بین الاقوامی میلے میں بھی بھارتی فلموں کو اہمیت حاصل رہے گی۔

https://p.dw.com/p/PFJZ
تصویر: Farabi Cinema Foundation

’’مَیں کلام ہوں‘‘ ایک ایسے نو سالہ بچے کی کہانی ہے، جو اپنے خواب پورے کرنے کے لئے ہر طرح کی رکاوٹوں کو عبور کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ بچوں سے بیگار لئے جانے کے موضوع پرمبنی اِس فلم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہر بچے کو اسکول ضرور جانا چاہئے اور یہ کہ ایک نہ ایک دِن دُنیا ضرور اُس کی طرف متوجہ ہو گی۔ اِس فلم نے حال ہی میں جرمن شہر فرینکفرٹ میں بچوں کے لئے بننے والی فلموں کے اپنی نوعیت کے اِس 33 ویں بین الاقوامی میلے ’لُوکاس‘ میں طویل دورانیے کی بہترین فلم کا ساڑھے سات ہزار یورو کا انعام حاصل کیا۔ نیلا مدھب پانڈا کی اِس فیچر فلم نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف سنیما کلبز کا ڈان کیخوٹے پرائز بھی جیتا۔

Pressebilder LUCAS Internationales Kinderfilmfestival 2009
اس میلے میں بچوں کے لئے بننے والی فلمیں پیش کی جاتی ہیںتصویر: dygrafilms

اِس فلم کے نام ’’مَیں کلام ہوں‘‘ میں اشارہ ملک کے نامور سائنسدان اے پی جی عبدالکلام کی جانب ہے۔ سمائل فاؤنڈیشن کی اِس فلم کا مقصد اُس خلیج کو کم کرنا ہے، جو معاشرے کے خوشحال اور محروم طبقوں کے درمیان پائی جاتی ہے۔ مشہور اداکار گلشن گروور کے ساتھ ساتھ فلم ’’دہلی 6‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والا ننھا اداکار حسن بھی اِس فلم میں جلوہ گر ہے اور یہ فلم کان کے فلمی میلے میں بھی نمائش کے لئے پیش کی گئی تھی۔

تین ہزار یورو کا بہترین مختصر فلم کا اعزاز بھی بھارت ہی کی ایک فلم کے حصے میں آیا۔ ہدایتکار گریگ ہیلوی کی بھارتی امریکی مشترکہ پروڈکشن ’’کوی‘‘ میں انسانوں کو غلام بنانے کی جدید صورتوں کو ہدفِ تنقید بنایا گیا ہے۔ ’لُوکاس‘ نامی اِس میلے میں مجموعی طور پر چھ انعامات کے لئے 22 ملکوں سے 27 فلموں نے حصہ لیا۔

بھارتی فلموں کو مختصر فلموں کے بین الاقوامی میلے میں بھی مرکزی اہمیت حاصل رہے گی، جو سولہ اور اکیس نومبر کے درمیان جرمن دارالحکومت برلن میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اِس بار کے میلے کو آئر لینڈ کے ساتھ ساتھ جس دوسرے ملک کی فلموں کے لئے وقف کیا گیا ہے، وہ بھارت ہی ہے۔ اِس میلے کے لئے 5,200 فلمیں روانہ کی گئی تھیں، جن میں سے منتخب کی گئی 500 فلمیں اِس میلے کے دوران نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔

Pressebilder LUCAS Internationales Kinderfilmfestival 2009 Flash-Galerie
لوکاس فلمی میلےمیں بائیس ممالک سے ستائیس فلمیں شامل کی گئیںتصویر: Swedish Film Institute

اِس میلے کے ایک شعبے کو ’بالی وُڈ سے ہَٹ کر‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں وہ فلمیں شامل ہیں، جو بالی وُڈ کی روایتی چکا چوند سے ہَٹ کر بھارت اور اُس پورے خطے کے عام انسانوں کی زندگی کی اصل حقیقتیں پیش کرتی ہیں۔ اِس میلے کے بیالیس مختلف شعبے ہیں، جن میں اِس بار ’فطرت اور ماحول‘ کو خصوصی موضوع کی حیثیت دی گئی ہے۔ اِس میلے کو دیکھنے کے لئے تیرہ ہزار تک شائقین کی شرکت متوقع ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں