جرمنی: ڈرائیور کو یوکرین پر روسی حملوں کی حمایت مہنگی پڑ گئی
26 اکتوبر 2022جرمنی کی ایک عدالت نے ایک ڈرائیور کو اپنی گاڑی کے شیشے پر یوکرین میں روسی حملوں کی حمایت کے بارے میں پوسٹر لگانے کی وجہ سے چار ہزار یورو کا جرمانہ عائد کر دیا۔ ڈرائیور نے گاڑی پر روسی پروپیگنڈا کی علامت "Z" لکھا تھا۔
جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ میں ایک 62 سالہ شخص کو اپنی گاڑی کی پچھلی کھڑکی کے شیشے پر "Z" کا نشان لگانے کے نتیجے میں چار ہزار یورو کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ اس نشان کو روسی پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جس کا مطلب یوکرین میں روسی حملوں کی حمایت کرنا ہے۔
فرد جرم کے مطابق، مارچ میں، یوکرین پر روسی حملے کے شروع ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد، اس شخص نے اپنی کار کی پچھلے شیشے پر نیلے رنگ کے پینٹ کے ساتھ کاغذ کی ایک سفید A4 شیٹ پر "Z" لکھ کر لگا دیا اور وہ اس کے ساتھ ہیمبرگ شہر میں گاڑی ڈرائیو کر رہا تھا۔
استغاثہ کے مطابق اس طرح مذکورہ شخص روس کی جارحانہ جنگ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرنا چاہتا تھا۔
عدالت نے 50 یورو کے حساب سے 80 دن کے لیے یہ جرمانہ عائد کیا ہے۔ قبل ازیں عدالتی سماعت کے بغیر صرف 60 روز کے حساب سے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ لیکن چونکہ اس شخص نے اپیل کی تھی، اس لیے مقدمہ عدالت میں چلایا گیا۔ عدالتی فیصلہ ابھی تک قانونی طور پر لاگو نہیں ہوا ہے کیونکہ فیصلے کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔
"Z" نشان کا مطلب کیا ہے؟
یوکرین پر روسی حملوں کے آغاز میں روسی ٹینکوں اور دیگر فوجی گاڑیوں پر "Z" کا نشان دیکھا گیا تھا۔ تاہم، روس میں اسے جارحانہ جنگ کی حمایت کے پروپیگنڈا نشان کے طور پر تیزی سے استعمال کیا گیا۔ یہ نشان اکثر لباس یا بل بورڈز پر استعمال کیا جاتا تھا۔
موجودہ سیاق و سباق کی روشنی میں جرمنی میں اس علامت کا استعمال ممنوع ہے اور قابل سزا ہے کیونکہ یہ جارحانہ جنگ کی نمائندگی کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اس کا تعلق فوجداری قانون کی اس شِق سے ہے جو جرائم کے لیے اظہارِ ہمدردی کو پھیلانے سے منع کرتا ہے لیکن اس میں شرط یہ ہے کہ ایسا کرنے سے "عوامی امن" میں خلل پڑنے کا امکان ہو۔
ع آ / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)