1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی میں ہوٹل کی عمارت منہدم ہونے سے ایک ش‍‍خص ہلاک

7 اگست 2024

جرمنی کے مغرب میں دریائے موزل کے کنارے واقع چھوٹے سے قصبے کرؤو میں ایک ہوٹل کے جزوی طور پر منہدم ہو جانے کے بعد ریسکیو کا کام جاری ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ عمارت کے انہدام کی وجہ کیا تھی۔

https://p.dw.com/p/4jC5b
یہ علاقہ انگور کے دلکش باغات اور بہت سے تاریخی قلعوں کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے
یہ علاقہ انگور کے دلکش باغات اور بہت سے تاریخی قلعوں کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہےتصویر: Christian Schulz/Foto Hosser/dpa/picture alliance

پولیس کے مطابق منگل کی رات جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں ایک ہوٹل کی عمارت جزوی طور پر منہدم ہو جانے کے بعد کم از کم آٹھ افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ایک شخص ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گیا۔

ملبے میں پھنسے متاثرین میں ایک بچہ بھی شامل ہے تاہم اسے جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے ریسکیو کارکنوں سے رابطہ کر لیا ہے۔

ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

کرؤو جرمن شہر فرینکفرٹ سے تقریباً 100 کلومیٹر مغرب کی طرف دریائے موزل پر واقع ایک چھوٹا سا قصبہ ہے، جہاں یہ حادثہ منگل کی رات پیش آیا۔ مقامی باشندوں نے رات گیارہ بجے سے چند منٹ قبل اس بارے میں پولیس کو اطلاع دی، جس کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

پولیس نے بدھ سات اگست کی صبح بتایا، ''کئی لوگ اپنے طور پر اس عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکار اور ڈاکٹر ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔‘‘

کولون میں تاریخی عمارت منہدم

جرمنی: کیمیکل پلانٹ میں دھماکا، متعدد افراد زخمی

پولیس نے بتایا کہ جب اس عمارت کی ایک منزل منہدم ہوئی، تو اس ہوٹل میں 14 افراد موجود تھے۔ ان میں سے پانچ خود ہی اس عمارت کے ملبے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور وہ زخمی نہیں تھے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ریسکیو میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ اس عمارت کا ڈھانچہ کافی غیر مستحکم ہے
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ریسکیو میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ اس عمارت کا ڈھانچہ کافی غیر مستحکم ہےتصویر: Harald Tittel/dpa/picture alliance

حکام نے بتایا کہ امدادی کارکن وہاں پھنسے ہوئے باقی ماندہ افراد میں سے چند سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان میں سے متعدد شدید زخمی بتائے گئے ہیں۔ آخری خبریں ملنے تک ہلاک ہونے والے واحد شخص کی لاش ملبے سے نہیں نکالی جا سکی تھی۔

جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی تصاویر میں اس عمارت کے کچھ حصے دکھائی دے رہے ہیں، جنہیں نقصان پہنچا ہے اور زمین پر ملبہ پڑا ہوا ہے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ریسکیو میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ اس عمارت کا ڈھانچہ کافی غیر مستحکم ہے۔ آخری خبریں ملنے تک تقریباﹰ 250 ایمرجنسی ورکر جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

علاقائی پبلک براڈکاسٹر ایس ڈبلیو آر نے بتایا کہ مقامی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں ابتدائی طور پر اس عمارت میں داخل نہیں ہو سکیں کیونکہ اس ہوٹل کی عمارت کے مکمل طور پر منہدم ہو جانے کا خدشہ تھا۔

اس خطرے کے پیش نظر آس پاس کی عمارتوں میں موجود 30 کے قریب افراد کو بھی وہاں سے باہر نکال لیا گیا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس عمارت کے انہدام کی وجہ کیا بنی۔

جرمنی کے مغربی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں دریائے موزل کا علاقہ موسم گرما میں سیاحت کے لیے ایک مشہور مقام ہے، جہاں دریا کے ساتھ ساتھ پہاڑیوں پر انگور کے دلکش باغات اور بہت سے تاریخی قلعے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔

ج ا / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)