1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کا نیا ریکارڈ: برآمدات کی سالانہ مالیت 12.8 کھرب یورو

مقبول ملک ڈی پی اے
8 فروری 2018

جرمن معیشت نے 2017ء میں اپنی برآمدات کی مجموعی مالیت کے حوالے سے مسلسل چوتھے برس بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ان برآمدات کی مالیت قریب 12.8 کھرب یورو رہی، جس میں عالمی معیشت میں بحالی کے عمل نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/2sKT1
جرمن معیشت میں کار سازی کی صنعت اور ہیوی انڈسٹری کا حصہ بہت نمایاں ہےتصویر: Reuters

جرمنی کے کاروباری اور مالیاتی مرکز فرینکفرٹ سے جمعرات آٹھ فروری کو موصولہ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی یورپ کی سب سے بڑی معیشت ہے، جہاں ایک طرف اگر صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا تو دوسری طرف عالمی معیشت میں بحالی کا عمل بھی گزشتہ برس جرمن اقتصادیات کے لیے بہت معاون ثابت ہوا۔

ڈالر کی جگہ یوآن میں تجارت، پاکستان کو فائدہ یا نقصان؟

چینی یوآن میں تجارت کی جا سکتی ہے، پاکستانی اسٹیٹ بینک

اس دوران جرمن مصنوعات کی دنیا بھر کو برآمد میں نہ صرف 2011ء کے بعد سے سب سے تیز رفتار سالانہ اضافہ دیکھا گیا بلکہ یہ بھی ہوا کہ اپنی انہی برآمدات کے لحاظ سے جرمنی نے مسلسل چوتھے سال بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

وفاقی دفتر شماریات کے مطابق 2017ء میں جرمنی نے کُل 1.28 ٹریلین یورو یا 1.57 ٹریلین ڈالر مالیت کی مصنوعات برآمد کیں۔ یہ مالیت اس سے ایک سال پہلے 2016ء کے مقابلے میں 6.3 فیصد زیادہ تھی۔ اس سے قبل جرمن برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر سب سے تیز رفتار اضافہ 2011ء میں دیکھنے میں آیا تھا، جو 11.5 فیصد رہا تھا۔

جرمن دفتر شماریات کے مطابق یہ بات بھی اہم ہے کہ گزشتہ برس جرمنی نے اپنے ہاں مجموعی طور پر جو مصنوعات درآمد کیں، ان کی مالیت 1.03 ٹریلین یورو رہی۔ اس طرح 12.8 کھرب یورو کی برآمدات اور 10.3 کھرب یورو کی درآمدات کے بعد پچھلے سال جرمنی کو مجموعی طور پر بیرونی تجارت میں 2.5 کھرب یورو کا فائدہ ہوا۔

جرمن اسلحے کی برآمدات 7.5 بلین تک پہنچ گئیں

اسلحے کی بڑھتی ہوئی برآمدات کے باعث انگیلا میرکل پر تنقید

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ جرمنی کی معیشت زیادہ تر ایک برآمدی معیشت ہے، جس میں فیصلہ کن کردار اس یورپی ملک کی مصنوعات اور پیشہ ورانہ خدمات کی برآمد کرتی ہے۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جرمنی کو پچھلے سال 2.5کھرب یورو کا یہ سالانہ تجارتی منافع صرف مصنوعات کی برآمد سے ہوا اور اس میں ابھی پیشہ ورانہ خدمات کی برآمد شامل نہیں ہے۔

Bremerhaven Autoverladung 22.01.2014
ریل گاڑیوں کے ذریعے جرمنی کی نئی برآمدی کاریں یورپ کے مختلف ملکوں میں پہنچائی جاتی ہیںتصویر: Getty Images

اس کے علاوہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کئی بیرونی ممالک جرمنی کے اتنے بڑے سالانہ تجارتی منافع پر کافی تنقید بھی کرتے ہیں اور خاص طور پر امریکا میں تو، جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ تو جرمنی کے بیرونی تجارت میں اس فائدے کو بڑی للچائی ہوئی نظروں سے دیکھتی ہے، جو قابل فہم بھی ہے۔

امریکی خام تیل کی نئی درآمدی منڈی بھارت ہو گا

ایک بڑا جرمن وفد ایران کے دورے پر، اربوں کے معاہدے متوقع

جرمنی کی بیرونی تجارت کی وفاقی تنظیم بی جی اے کے مطابق سال 2018ء بھی جرمن برآمدات کے لیے ایک نیا ریکارڈ سال ثابت ہو گا۔ اس دوران برآمدات میں اضافے کی شرح پانچ فیصد رہے گی اور ان برآمدات کی سالانہ مالیت اندازہﹰ 1.34 ٹریلین یا 13.4 کھرب یورو رہے گی۔