جعلی یورو نوٹوں کی گردش میں کمی کا رجحان
17 جنوری 2012اسی لیے یورو کرنسی نوٹ ان جرائم پیشہ افراد میں بھی بہت مقبول ہیں، جو جدید ترین مشینوں کے ساتھ جعلی نوٹ تیار کرتے ہیں اور پھر انہیں ایسے ملکوں میں گردش میں لانے کی کوشش کرتے ہیں، جہاں ان کے جرائم کا پتہ چلا لیے جانے کا امکان مقابلتاﹰ کم ہوتا ہے۔
یورپی یونین کے یورو زون کے ملکوں کو درپیش مالیاتی بحران اپنی جگہ لیکن جعلی کرنسی نوٹ تیار کرنے والے بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے لیے یورو کی کشش میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔
جرمن شہر فرینکفرٹ میں قائم یورپی مرکزی بینک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس کی دوسری ششماہی میں یورو زون کی مختلف ریاستوں میں گردش کرنے والے لیکن ضبط کر لیے گئے یورو کے جعلی نوٹوں کی تعداد سن 2011 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 4.7 فیصد کے اضافے کے بعد مجموعی طور پر قریب تین لاکھ دس ہزار ہو گئی۔
یورپی مرکزی بینک ای سی بی نے بتایا ہے کہ اگر پوری دنیا میں اس وقت گردش کرنے والے یورو کے اصلی نوٹوں کی مجموعی تعداد کو دیکھا جائے تو ان میں جعلی کرنسی نوٹوں کی شرح انتہائی کم بنتی ہے۔
یورپی مرکزی بینک کے ریکارڈ کے مطابق پچھلے سال کے دوسرے نصف حصے میں یورو زون، یورپی یونین کی رکن باقی ریاستوں اور دنیا کے دیگر بہت سے ملکوں میں گردش کرنے والے مختلف مالیت کے یورو کرنسی نوٹوں کی کُل تعداد قریب 14.4 بلین بنتی تھی۔ تاہم اسی عرصے کے دوران ضبط کیے گئے جعلی نوٹوں کی تعداد تین لاکھ دس ہزار کے قریب رہی، جو اپنے تناسب کے لحاظ سے انتہائی معمولی ہے۔
ECB نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہےکہ گزشتہ برس جولائی سے دسمبر تک کے عرصے میں جتنے جعلی نوٹ ضبط کیے گئے، ان میں سب سے زیادہ تعداد 20 یورو کے نوٹوں کی تھی، جو 47.5 فیصد بنتی تھی۔ اس کے بعد ضبط کیے گئے نوٹوں میں سے سب سے زیادہ جعلی نوٹ 50 یورو کے تھے، جن کی تعداد قریب 33 فیصد رہی۔
مجموعی طور پر ای سی بی نے سال 2011 کے دوران مختلف ملکوں میں گردش کرنے والے جو یورو نوٹ ضبط کر لیے، ان کی تعداد چھ لاکھ چھ ہزار کے قریب رہی۔ یہ تعداد سن 2010 کے مقابلے میں 19.3 فیصد کم تھی۔
ستائیس رکنی یورپی یونین کے کُل 17 ملک یورو زون میں شامل ہیں، جہاں یورو کو سرکاری کرنسی کی حیثیت حاصل ہے۔ لیکن موناکو، مونٹی نیگرو، سان مارینو اور ویٹیکن کے ساتھ ساتھ یورپی ملکوں کی دوسری براعظموں میں نوآبادیوں سمیت دنیا کے ایسے ملکوں کی مجموعی تعداد 17 سے کہیں زیادہ ہے، جہاں یورو رائج ہے۔
یورو زون میں نقد کرنسی کے طور پر یورو کا اجراء سن 2002 کے اوائل میں عمل میں آیا تھا، جسے اس سال کے آغاز پر ٹھیک دس سال ہو گئے تھے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عاطف بلوچ