1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنرل اسمبلی سے ٹرمپ کا خطاب، ایران اور شمالی کوریا اہم

عابد حسین
18 ستمبر 2017

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا بہترواں اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اس اجلاس میں کل سے عالمی لیڈران کی تقاریر شروع ہوں گی۔ امریکی صدر ٹرمپ پہلی مرتبہ اس اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2kBBz
USA Präsident Donald Trump in Phoenix
تصویر: Reuters/A. Brandon

مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کو خاص توجہ حاصل رہے گی کیونکہ اُن کی ’امریکا سب پہلے‘ کی پالیسی پر دوستوں اور مخالفین کی بیان بازی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ امریکا کے کچھ تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی عوامی رائے کے تناظر میں ٹرمپ کے خطاب کو بظاہر بہت زیادہ اہمیت حاصل ہونے کا امکان کم ہی ہے۔ بظاہر وہ شمالی کوریا کی ہتھیار سازی کے تناظر میں اور خلیج فارس کی مجموعی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایران کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔

’روہنگیا اقلیت کی نسل کشی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے‘

مہاجرین کے ڈبونے کے واقعے نے ’دل توڑ دیا‘، گوٹیریش

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس

اقوام متحدہ: عالمی رہنما اور گلوبل چیلنجز

جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں 120 سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت متنازعہ مگر اہم عالمی امور پر اظہارِ خیال کریں گے۔ اقوام متحدہ کے ساتھ منسلک سفارت کاروں نے اس اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار حکومت کے کریک ڈاؤن کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ یمنی تنازعہ، شام میں قیام امن کی صورت حال، ایران، افغانستان اور جنوبی سوڈان میں پیدا شدہ مسلح تنازعات بھی زیر بحث لائے جا سکتے ہیں۔

افتتاحی اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوٹیرش تمام لیڈران کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُن کی توجہ عالمی امور کی طرف دلانے کی کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ گوٹیرش اپنی تقریر اس عالمی ادارے میں اصلاحاتی عمل کی وضاحت بھی کریں گے۔

USA UN-Generalversammlung in New York
رواں برس جنرل اسمبلی کا بہترواں اجلاس منعقد ہو رہا ہےتصویر: picture alliance/dpa/D. Kalker

اقوام متحدہ کو مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ امریکا نے اقوام متحدہ کے بجٹ میں سالانہ مالی حصہ ڈالنے میں کٹوتی کی دھمکی دے رکھی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ بھی اقوام متحدہ کے عالمی کردار پر کسی حد تک شاکی دکھائی دیتے ہیں۔

ابھی دو روز قبل ہی اقوام متحدہ میں مستقل امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی سے تقریر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ دوستوں کو گلے لگائیں گے جبکہ مخالفین کے لیے یہ ایک انتہائی سخت تقریر ہو گی۔ اس اجلاس کے حاشیے میں امریکی صدر ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کے لیڈران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے لیے دی جانے والی سالانہ امریکی گرانٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان ڈے کی تقریب