جوبائیڈن نے مزید یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کردی
10 مارچ 2010امریکی نائب صدر جو بائیڈ ن نے اسرائیل کی جانب سے متنازعہ مشرقی یروشلم میں مزید مکانات تعمیر کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ اسرائیلی حکومت نے پیر کو مغربی کنارے میں جبکہ منگل کویروشلم میں نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا جس کے سبب امن مذاکرات کی بحالی بظاہر خطرے میں پڑ گئی ہے۔
نائب امریکی صدر کی خطے میں آمد کےموقع پر فلسطینیوں نے اپنی سابقہ شرطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بالواسطہ امن مذاکرات کی حامی بھری تھی۔ تل ابیب کی جانب سے یہودی آباد کاری کا متنازعہ معاملہ دوبارہ چھیڑے جانے کے سبب فلسطینی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
منگل کی شب تل ابیب میں موجود نائب امریکی صدر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیلی حکومت کا یہ فیصلہ اعتماد کی فضاء کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس کی بہت ذیادہ ضرورت ہے۔ فلسطینی حکام نے بھی اس سلسلے میں عرب لیگ سے رابطہ کرکے رہنمائی کی درخواست کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل امر موسیٰ سے نئی پالیسی وضع کرنے کی درخواست کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابو دودیانا کے بقول اسرائیل کا یہ فیصلہ اس امر کا ثبوت ہے کہ بالواسطہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ہی امریکی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتین یاہو نے البتہ جوبائیڈن سے اپنی ملاقات میں اور صحافیوں سے بات چیت میں اسرائیلیوں کی سلامتی اور ایران کے معاملے کو اٹھایا ۔ نیتین یاہو کے بقول وہ اوباما انتظامیہ کی تہران حکومت کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں سخت ترین پابندیوں کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کے ضمن میں بھی واشنگٹن کی کوششوں کو سراہا اور مذاکرات کی بحالی کی امید ظاہر کی۔
نائب امریکی صدر نے اسرائیل کو سلامتی کے سلسلے میں واشنگٹن کی حمایت کا یقین دلایا۔ جو بائیڈن کے مطابق اسرائیلیوں کی سلامتی فلسطینیوں، شام، لبنان حتیٰ تمام عرب دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات سے جڑی ہے اور یہ عرب دنیا، اسرائیل اور امریکہ کے مفاد میں ہے۔ نائب امریکی صدر بدھ کو رملا میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور وزیرا عظم سلام فیاض سے ملاقات کریں گے۔ اسی سلسلے میں خطے میں موجود سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کی بھی بائیڈن سے ملاقات متوقع ہے۔
منگل کو تل ابیب میں نائب امریکی صدر سے ملاقات کے بعد اسرائیلی صدر شمون پیریز نے معنی خیز انداز میں کہا کہ فی الحال موجودہ صورتحال میں بہتری کے امکانات سے بہت زیادہ امیدیں لگانے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق ہالی وڈ کی فلموں میں بھی ’ہیپی اینڈ‘ اختتام میں ہی سامنے آتا ہے۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : کشور مصطفیٰ