1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری توانائی آج بھی تیل کا واحد نعم البدل ہے: البرادعی

18 اپریل 2011

اقوام متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے سابق سربراہ محمد البرادعی نے جوہری توانائی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے تیل کا اکلوتا قابل اعتماد نعم البدل قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10vET
محمد البرادعی
محمد البرادعیتصویر: AP

جاپان میں 11 مارچ کے زلزلے اور سونامی کی وجہ سے شدید متاثر ہونے والے فوکوشیما ڈائچی جوہری پاور پلانٹ کو درپیش بحران کے باعث دنیا بھر میں جوہری توانائی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے، تاہم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے سابق سربراہ محمد البرادعی کے خیال میں جوہری توانائی آج بھی قابل اعتماد ہے۔

اتوار 17 اپریل کو شروع ہونے والے دبئی گلوبل انرجی فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصر سے تعلق رکھنے والے محمد البرادعی کا کہنا تھا: ’’آج، قابل اعتماد بجلی کے حصول کے لیے جوہری توانائی زمین سے حاصل کیے جانے والے تیل کا واحد نعم البدل ہے۔‘‘

فوکوشیما کی صورتحال جوہری توانائی کے لیے ایک جھٹکا ضرور ہے مگر توانائی کے اس ذریعے پر اعتماد وقت کے ساتھ ساتھ دوبارہ بحال ہوجائے گا: البرادعی
فوکوشیما کی صورتحال جوہری توانائی کے لیے ایک جھٹکا ضرور ہے مگر توانائی کے اس ذریعے پر اعتماد وقت کے ساتھ ساتھ دوبارہ بحال ہوجائے گا: البرادعیتصویر: AP

گزشتہ برس نومبر میں IAEA کی سربراہی سے دستبردار ہونے والے محمد البرادعی نے تاہم اس بات کا اقرار کیا کہ فوکوشیما جوہری پاورپلانٹ کو درپیش صورتحال کی وجہ سے توانائی کے حصول کے اس اہم ذریعے پر اعتماد کو ٹھیس ضرور پہنچی ہے۔ انہوں نے فورم میں شریک حاضرین سے خطاب میں کہا کہ فوکوشیما کی صورتحال جوہری توانائی کے لیے ایک جھٹکا ضرور ہے، تاہم انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ توانائی کے اس ذریعے پر اعتماد وقت کے ساتھ ساتھ دوبارہ بحال ہوجائے گا۔

IAEA کے سابق سربراہ محمد البرادعی اب مصر میں ایک اہم جمہوریت نواز شخصیت ہیں۔ سابق صدر حُسنی مبارک کی تین دہائیوں پر مشتمل اقتدار سے علیحدگی کے بعد البرادعی مستقبل کے صدر بھی بن سکتے ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں