1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چرنوبل سے مختلف واقعہ ہے: ہائیڈے ہیکو نیشی یاما

12 اپریل 2011

زلزلے کے نتیجے میں فوکوشیما کے ایٹمی ری ایکٹر کے حادثے کو اب اتنا ہی سنگین قرار دیا جا رہا ہے جتنا کہ 1986ء کے چرنوبل کے واقعے کو قرار دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/10s1F
فوکوشیما کا ایٹمی ری ایکٹرتصویر: AP

جاپان کے حالیہ خوفناک زلزلے کے بعد سے فوکوشیما جوہری پاور پلانٹ سے تابکاری کے اخراج کا سلسلہ جاپان سمیت تمام دینا کے لیے گہری تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ ایسے میں جاپانی حکام کی طرف سے تابکاری کے اخراج میں ہونے والے اضافے کے سبب بحران کے لیول کو پانچ سے بڑھا کر سات یعنی بلند ترین سطح پر کردینے کا اعلان کیا گیا ہے جو تاریخ کے ایک اور اہم واقعے کی یاد دلا رہا ہے۔

جاپان اب سرکاری طور پرفوکوشیما جوہری پاور پلانٹ سے تابکاری کے اخراج کے معاملے کی سنگینی کو کم کر کے پیش نہیں کرسکتا۔ زلزلے کے نتیجے میں فوکوشیما کے ایٹمی ری ایکٹر کے حادثے کو اب اتنا ہی سنگین قرار دیا جا رہا ہے جتنا کہ 1986ء کے چرنوبل کے واقعے کو قرار دیا گیا تھا۔ یعنی تابکاری کے اخراج سے پیدا ہونے والے خطرات کے بین الاقوامی ریٹنگ اسکیل کے مطابق ساتویں درجے تک پہنچ جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاپانی حکام اب اس امر کو تسلیم کر چُکے ہیں کہ بڑے پیمانے پر ریڈیو ایکٹیو تابکاری فضا میں بُری طرح پھیل چُکی ہے۔ گزشتہ روز ہی ٹوکیو حکومت نے فوکوشیما کے ایٹمی پاور پلانٹ کے ارد گرد کے علاقے سے مقامی باشندوں کے مزید انخلاء کا اعلان کیا تھا۔ اُدھر زلزلے کے نتیجے میں فوکوشیما کے تباہ شدہ ری ایکٹر کے ملبے کو صاف کرنے کا کام زلزلے کے نئے جھٹکوں کے سبب مزید دشوار ہو گیا ہے۔ جاپان کی نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی کے ایک اعلیٰ اہلکار ہائیڈے ہیکو نیشی یاما اس بارے میں کہتے ہیں " 18 مارچ سے ابتک جمع کیے گئے ڈیٹا کی روشنی میں ہم نے اس جوہری بحران کا لیول پانچ سے بڑھا کرسات کردینے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن اب بھی ریڈیو ایکٹیو تابکار ذرات کی مقدار چرنوبل کے مقابلے میں صرف 10 فیصد ہے۔ تاہم دونوں بحرانوں کے لیول کو برابر قرار دیا جا رہا ہے"۔

Superteaser NO FLASH Japan Fukushima Brand in der Anlage
فوکوشیما کی ایٹمی تنصیب آگ لگنے کے بعدتصویر: Tokyo Electric Power Co./AP/dapd
Fukushima Japan Erdbeben
جاپان میں حالیہ زلزلے کی لائی ہوئی تباہکاریاںتصویر: AP

حالانکہ دھماکے سے اُڑ جانے والے ری ایکٹر کی تصاویر اور ویڈیو بحران کی سنگینی کا ثبوت دے رہی ہیں پھر بھی ہائیڈے ہیکو نیشی یاما اسے چرنوبل سے کہیں مختلف ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اُن کے بقول "فوکوشیما میں دھماکہ ہائڈروجن گیس کے اخراج ہونے کے نتیجے میں ہوا تھا۔ جس سے ایٹمی ری ایکٹر کی عمارت کی چھت اُڑ گئی تھی۔ ری ایکٹر کا اندرونی خول لیک ہونے کے باوجود اپنی اصلی شکل میں بغیر کسی نقصان کے محفوظ ہے۔ یہ چرنوبل سے کہیں مختلف واقعہ ہے"۔

اُدھر نیوکلیئر انڈسٹری کے امریکی ماہر مرے جینیکس نے بھی کہا ہے، 'یہ کسی طرح بھی اُس سطح کے قریب نہیں۔ چرنوبل کا حادثہ بہت خوفناک تھا۔ وہاں دھماکہ ہوا تھا اور اس پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔‘

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں