1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستلبنان

حزب اللہ کا راکٹ حملہ، اسرائیل کی جنوبی لبنان پر گولہ باری

11 اکتوبر 2023

لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز اسرائیل پر میزائل داغے، جس کے جواب میں اسرائیل کی طرف سے گولہ باری کی گئی۔

https://p.dw.com/p/4XPrS
Libanon-Israel-Konflikt Hisbollah | Truppenaufmarsch in Israel
تصویر: JALAA MAREY/AFP

راکٹ فائرنگ اور گولہ باری کا یہ تبادلہ اس وقت ہوا، جب اسرائیل کی طرف سے حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف جوابی مہم میں غزہ کے ارد گرد اسرائیلی فوج اور اس کے بھاری ہتھیار جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیل اور حماس کے مابین جاری لڑائی میں اب تک دونوں طرف سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حزب اللہ  نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ''صیہونی حملوں کا سخت جواب دیتے ہوئے، دیرہ گاؤں کی طرف ایک اسرائیلی پوزیشن کو گائیڈڈ میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا۔‘‘

اس عسکریت پسند گروپ نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرلبنان  اور اس کے لوگوں کی سلامتی کو نشانہ بنایا گیا اور یہ حملے ہلاکتوں کا باعث بنے، تو حزب اللہ کی طرف سے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ اسرائیلی فوج  کا کہنا ہے کہ اس کے دستوں پر داغے گئے ٹینک شکن میزائلوں کے جواب میں لبنانی علاقے پر جوابی حملہ کیا گیا۔

Libanon-Israel-Konflikt | UN-Soldaten an Grenze zu Metula
لبنان اسرائیل سرحد پر تعینات یو این فوجیتصویر: JOSEPH EID/AFP

تاہم اسرائیلی فوج نے فوری طور پرکسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں دی۔ایک سکیورٹی ذریعے نے نیوز ایجنسی روئٹرز کوبتایا کہ اسرائیلی توپ خانے کے گولوں کا رخ جنوبی لبنان  میں واقع دیرہ گاؤں کے آس پاس کے علاقے تھے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی توپ خانہ اس علاقے میں واقع حزب اللہ کے ایک راکٹ لانچنگ پوائنٹ کو نشانہ بنا رہا تھا۔

لبنان کے مقامی ٹیلی ویژن اسٹیشن الجدید نے ان حملوں کی تصاویر نشر کی ہیں۔ ان میں دیرہ کے قریبی جنگل والے علاقے میں کچھ گھروں اور کھیتوں کے نزدیک سے سفید دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے تھے۔

Israel Krieg mit Hamas | Grenze Libanon
لبنان اور اسرائیل کی سرحد بھی تشدد اور جھڑپوں کی زد میںتصویر: Lisi Niesner/REUTERS

حزب اللہ اور فلسطینی گروپ حماس دونوں نے منگل کے روزلبنان  سے اسرائیل پر کیے گئے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ حزب اللہ نے منگل کے روز ایک اسرائیلی ٹینک کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا اور پھر اس کی تباہی کی ویڈیو بھی پوسٹ کی۔ حماس نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس نے اسرائیل پر راکٹوں کی بوچھاڑ کی ہے۔  اس سرحدی علاقے میں پر تشدد کارروائیوں اور جھڑپوں کا آغاز گزشتہ اختتام ہفتہ پر حماس کی طرف سے اسرائیل پر کیے جانے والے غیر متوقع  لیکن مہلک حملے سے ہوا تھا ۔ ہفتے کے روز حماس کے اس دہشت گردانہ حملے کے بعد سے اسرائیل غزہ پٹی پر بمباری کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

ک م / ش ر، م م (روئٹرز، اے یف پی)