1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حکومت تحفظ خواتین کا قانون واپس لے، دینی جماعتوں کا مطالبہ

تنویر شہزاد، لاہور15 مارچ 2016

پاکستان کی مذہبی جماعتوں نے حکومت کو 27 مارچ تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے حال ہی میں پنجاب اسمبلی سے منظور کیے جانے والے خواتین کے تحفظ کے قانون کو مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IDS4
Maulana Fazal ur Rehman
تصویر: picture alliance / dpa

پاکستان کی دینی جماعتوں کے سربراہان کا ایک اجلاس منگل کے روز جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ لاہور میں منعقد ہوا ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمن ، جمیعت علمائے اسلام (س) کے مولانا سمیع ا لحق، جماعت الدعوة کے حافظ محمد سعید، جمیعت علمائے پاکستان کے پیر اعجاز ہاشمی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، حافظ عاکف سعید، ابتسام الہی ظہیر اور علامہ سبطین حیدر سبزواری کے علاوہ دیگر مذہبی رہنماوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے آخر میں منظور کیئے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کے مشورے سے خواتین کے تحفظ کے لیے نیا قانون بنائے۔ نیز خواتین کی حفاظت کے حوالے سے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ اجلاس میں حکومت پر یہ زور بھی دیا گیا کہ وہ خواتین پر تشدد کا باعث بننے والے محرکات یعنی غربت، بے روزگاری، جہالت، مہنگائی، منشیات، جہیز کی لعنت اور وراثت سے محرومی جیسے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کی احتجاجی تحریک کے حوالے سے 2 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والی دینی جماعتوں کی ایک کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ تاہم مک کے بڑے بڑے شہروں میں جلسوں کے انعقاد کے لیے ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا، ’’ہم جمہوری لوگ ہیں اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ اگر حکومت نے بات چیت کا راستہ اپنایا تو ہم احتجاج کرنے سے پہلے گفتگو کا رستہ اختیار کرکے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔‘‘ ان کے بقول حکومت میں رہنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ’’ہم اپنے تشخص کو ختم کرتے ہوئے حکومت کے تمام غیر قانونی اور غیر اسلامی اقدامات کو بھی تسلیم کر لیں۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات پر آمادگی کے اظہار کے بعد دینی جماعتیں مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں گی۔

ادھر پنجاب حکومت نے خواتین کے تحفظ کے قانون میں ترمیم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے بنائی جانے والی ایک کمیٹی مذہبی رہنماؤں سے رابطے کر رہی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک روز پہلے سوموار کے روز اسلام آباد میں ممتاز عالمی ادارے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل ( ڈی آر آئی ) کے زیر اہتمام ایک دوروزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستانی عورتوں کو درپیش مسائل کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے دور دراز کے علاقوں میں رہنے والی عورتوں کو تعلیم، روزگار اور سماجی رتبے کے لحاظ سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ مقررین کے بقول اسمبلیوں میں موجود بیشتر خواتین کو بھی مخصوص نشستوں کے ذریعے ہی ان ایوانوں میں آنا پڑتا ہے۔ ان کے بقول بلوچستان میں عورتوں کو صاف پانی سمیت زندگی کی بنیادی سہولتیں ہی میسر نہیں ہیں۔ اس موقعے پر مقررین نے خواتین کی بہتری کے لیے مزید قوانین بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں