1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حیاتیاتی تنوع اجلاس: زیادہ تر اہداف پر اتفاق

29 اکتوبر 2010

اٹھارہ اکتوبر سے شروع ہو کر آج 29 اکتوبر کو اختتام پذیر ہونے والی کانفرنس کا مقصد ایک ایسا روڈ میپ تشکیل دینا تھا، جو آئندہ عشروں کے دوران انسانی کی لائی ہوئی تباہی سے حیاتیاتی تنوع کو پہنچنے والے نقصانات پر قابو پا سکے۔

https://p.dw.com/p/PsX5
تصویر: AP

نا گویا میں حیاتیاتی تنوع کے بارے میں اس 12 روزہ اجلاس میں زیر بحث 20 اہداف، جن کا مقصد آئندہ دہائیوں میں ماحولیات، خاص طور سے حیاتیاتی تنوع کو پہنچنے والے نقصانات کا کسی حد تک ازالہ کرنا اور اسے مزید نقصانات سے بچانا تھا، میں سے زیادہ تر اہداف پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تاہم 190 سے زیادہ ممالک کے مندوبین کے مابین ’جینیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم‘ کا مسئلہ حل طلب ہی رہا۔ ان جینیاتی وسائل میں سے زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کے بارانی جنگلات اور حشرات نیز فصلوں کی پیداوار میں معاونت کرنے والے مونگے کی چٹانیں، جو مچھلیوں کی پیداوار میں مدد دیتی ہیں، شامل ہیں۔

Japan Artenschutzkonferenz Biodiversität Konferenz Nagoya Flash-Galerie
ناگویا منعقدہ حیاتیاتی تنوع سمٹتصویر: picture alliance/dpa

ناگویا کانفرنس کے آخری لمحات تک جاری مذاکرات سے کئی گھنٹوں پہلے ہی میزبان ملک جاپان کے وزیر ماحولیات Ryu Matsumoto نے مندوبین کو بتایا تھا کہ ایک ’’مسودے پر مقامی گروپس کے ترجمانوں کا اتقاق‘‘ ہو گیا ہے تاہم اسے اختیار کئے جانے کے بارے میں وہ کچھ دیر بعد ہی حتمی اتفاق رائے سے متعلق کچھ کہہ سکیں گے۔‘‘

قبل ازیں ورلڈ بینک نے عالمی اشتراک سے ایک اہم پروگرام کا فیصلہ کیا۔ عالمی بینک کے صدر روبرٹ زولک کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی سطح پر ماحولیات کو سب سے زیادہ نقصانات دنیا کے مختلف ممالک کی حکومتوں کی طرف سے ہونے والی ماحولیاتی ناقدری سے پہنچ رہے ہیں۔ ورلڈ بینک نے عالمی اشتراک سے جو پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اُس کا مقصد مختلف ممالک کی ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لئے قومی بجٹ میں رقوم مختص کرنے کے عمل میں مدد کرنا ہے۔

عالمی بینک کی طرف سے حال ہی میں حیاتیات کے تحفظ اور اقتصادیات کے بارے میں ایک پروجیکٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ورلڈ بینک نے ناگویا اجلاس میں جس نئے پروگرام کا فیصلہ کیا ہے، وہ اُس پروجیکٹ کے نتائج اخذ کر کے اُنہیں قومی پالیسی میں شامل کرنے میں مدد دے گا۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے لگائے جانے والے تخمینے کے مطابق عالمی معیشت کو ماحولیاتی آلودگی کے سبب دو سے پانچ کھرب ڈالر سالانہ کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ ورلڈ بینک کے اس پروگرام میں تجرباتی طور پر دس ممالک نے اپنی شرکت پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

Eine neue Anaconda-Art Anaconda boliviana Eunectes beniensis Flash-Galerie
مختلف ممالک اور حکومتیں ماحولیات کی ناقدری کر رہے ہیں: عالمی بینک کے صدر کا بیانتصویر: picture-alliance/dpa

عالمی بینک نے پہلے ہی اس کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا تھا کہ وہ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت معیشت اور انسانی بہبود کے لئے جنگلات، سمندروں اور دریاؤں کے فوائد کو ضرور پیشِ نظر رکھیں۔

ناگویا میں جس بیس نکاتی سمجھوتے کے لئے کوششیں کی گئیں، اُس کا تعلق 2020ء تک بقا کے خطرے سے دوچار جانوروں اور نباتات کو بچانے کے لئے نئے اہداف مقرر کرنے سے ہے۔ واضح رہے کہ اِس سے پہلے حیاتیاتی تنوع کے خاتمے میں ’نمایاں کمی‘ کے لئے 2010ء تک کے عرصے کے لئے جو ہدف مقرر کیا گیا تھا، وہ پورا نہ کیا جا سکا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں