خبردار! تمباکو نوشی کرہ ارض کی لیے بھی مضر ہے۔
26 فروری 2019تمباکو کا بیج بونے سے، سگریٹ کی تیاری اور پھر تمباکو نوشی تک۔ دنیا بھر میں اربوں سموکرز ہیں اور یہ تمباکو مختلف طریقوں سے اس دنیا کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ایمپریل کالج آف لندن کے ریسرچرز کے مطابق تمباکو کی صنعت ویلز میں پیدا ہونے والی ضرر رساں گیسوں سے دوگنا سے بھی زائد کے اخراج کا باعث بن رہی ہے۔
ڈبلیو ایچ اوکے سربراہ ونایک پراساد نے جنیوا میں ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا کہ اگر تمباکو کی طلب پوری کرنے کے لیے اس کی فصل اسی طرح سے اگائی جاتی رہی تو، آنے والے وقت میں ایک بڑے ماحولیاتی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک سگریٹ میں کیا کچھ ہوتا ہے، سات ہزار مہلک کیمیائی مادے
دن بہ دن تمباکو کی پیداوار بڑھتی جا رہی ہے۔کہنے کو ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں، مگر تمباکو سے پیدا ہونے والی کاربن گیسوں کے اثرات کی روک تھام ناکافی ہے۔ تمباکو کی کاشت کے لیے استعمال ہونے والی کیڑے مار ادویات اور کھادیں نہ صرف دریاوں اور زیر زمین پانی کو آلودہ کر رہی ہیں بلکہ یہ زمین کی کوالٹی بھی خراب کر رہی ہیں۔
تمباکو کے خلاف کام کرنے والی این جی او کی ڈائیریکٹر سونجا وون نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئےکہا ہے کہ جنگلات کی سالانہ کٹائی بڑھتی جا رہی ہے۔ جس کا چھ فیصد تمباکو کی فصل کی وجہ سے ہے اور آنے والے وقت میں جنگلات کی کٹائی اور بڑھ جائے گی۔ پاکستان کی بات کی جائے تو ستائیس فیصد جنگلات کی سالانہ کٹائی کی وجہ تمباکو ہی ہے۔ تمباکو کی صنعت ان میں سے سالانہ 2.4 ملین میٹرک ٹن تک سگریٹ کا کاغذ اور کارٹنز بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
صرف سگریٹ ہی نہیں اس کا فلٹر بھی مضر صحت ہے۔ ایک فلٹر ایک ہزار لیٹر صاف پانی کو آلودہ کرنے کا باعث بنتا ہے۔ سگریٹ کی بچے ہوئے اس حصے کو 'بٹ' کہا جاتا ہے۔ ویسے تو زیادہ تر بٹس گٹرز کے اندر ہی ہوتے ہیں، لیکن کچھ ممالک میں سگریٹ بٹس سر عام پھینکنے پر پابندی ہے اور وہاں خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانہ عائد ہوتا ہے۔ پیرس میں یہ جرمانہ 68 یورو اور لندن میں 150 پاونڈ ہے۔
کیا ای سگریٹ ماحول دوست ہیں؟
ای سگریٹ انسان دوست ہیں یا ماحول دوست، اس بارے میں فی الحال کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ ڈبلیو ایچ اوکے سربراہ ونایک پراساد نے یہ بھی کہا کہ دیگر پلاسٹک اور ماحول دشمن اشیاء کی طرح ای سگریٹ کو ٹھکانے لگانے کا بھی مستقل حل ڈھونڈنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کو تروتازہ اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے فوری ایکشن لینا ہو گا