1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خبردار: ’ممبئی کا نو سیلفی زون‘

کشور مصطفیٰ25 فروری 2016

بھارت کے تجارتی شہر ممبئی میں حکومت نے 16 ’نو سلیفی زون‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ سیلفی لیتے ہوئے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1I1gA
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Blumberg

بھارت کے کسی بھی بڑے شہر میں چلے جائیں آپ کو ہر طرف موبائل فون پکڑے ہاتھ دراز کیے اور مسکراتے ہوئے سیلفی اتارتے لوگ نظر آئیں گے۔ یہاں تک کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس میڈیم کو اتنا زیادہ اپنایا اور اسے فروغ دیا کہ بھارت میں سیلفی بنانے کا رواج وبا کی طرح پھیل چُکا ہے۔ مودی نے دنیا کے چند معروف ترین لیڈروں کے ساتھ سیلفی بنا کر تصویریں پوسٹ بھی کیں تاہم سیلفی بنانے کا رجحان مہلک بھی ہو سکتا ہے۔

اس بارے میں کسی نے سوچا نہیں تھا لیکن سیلفی کے جنون میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کی تعداد میں جیسے جیسے اضافہ ہونا شروع ہوا، ویسے ویسے لوگ اس بارے میں چوکنا ہونا شروع ہو گئے۔ یہاں تک کے سیلفی کے خطرات سے چوکنا ہو کر حکام نے شہریوں کو اس غیر ضروری خطرے کو مول لینے سے خبردار کرتے ہوئے ممبئی بھر میں 16 ’نان سیلفی زون‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔

15.01.20116 Doku MyEscape Selfie auf den Schienen02
سیلفی کا شوق جان لیرا ہو سکتا ہے

بھارت کا شمار دنیا کے اُس ملک میں ہوتا ہے جہاں خطرات کو نظر انداز کرتے ہوئے خود اپنی فوٹو بنانے کے جنون میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ پائی جاتی ہے۔ 2014 ء سے اب تک دنیا بھر میں سیلفی بناتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 49 ہو چُکی ہے ان میں سے 19 افراد کی ہلاکت جنوبی ایشیائی ملک بھارت ہی میں ہوئی۔

یہ اعداد و شمار سن فرانسسیکو میں قائم سروس پرووائڈر Priceconomic نے جاری کیے ہیں۔ بھارت میں سب سے زیادہ ایسی ہلاکتوں کی ایک وجہ اس ملک کا اتنا بڑا سائز اور 1.25 بلین کی آبادی بھی ہے۔ اس کے علاوہ بھارت کا شمار دنیا کے سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والے اسمارٹ فونز مارکیٹ میں ہوتا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں بھارت میں کالج کا ایک 18 سالہ طالبعلم اپنی کلاس کے ساتھیوں کے ساتھ ایک پکنک پر گیا، جہاں وہ ایک چٹان پر چڑھ کر سیلفی بنانے میں اتنا مگن ہو گیا کہ وہ بھول گیا کہ چٹان پر سے گرنا کتنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ یہ چٹان ایک بند کے نزدیک تھی۔ یہ طالبعلم چٹان پر کھڑا اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور وسطی بھارتی شہر ناشک میں پانی میں گر کر ڈوب گیا۔ اس کی جان بچانے کے لیے اس کے ایک ساتھی نے بھی پانی میں چھلانگ مار دی تھی۔

Indien Telefon Handy Nutzung in New Delhi
بھارت میں سیلفی کے شائقین ہر جگہتصویر: R. Conway/AFP/Getty Images

گزشتہ ماہ ایک 18 سالہ خاتون ممبئی کے ایک مشہور سیاحتی مقام بادرا فورٹ کے نزدیک اپنی سیلفی بناتے ہوئے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئی تھی۔ تامل ناڈو میں بھی ایک ایسے ہی حادثے میں ایک انجینئرنگ اسٹوڈنٹ کی جان بال بال بچ تھی۔ کولی پہاڑیوں پر وہ اپنے دوستوں کے ساتھ سیلفی بناتے ہوئے لڑھکتا ہوا کافی نچے آ گرا تھا۔ اُسے سر پر شدید چوٹیں اور زخم آئے تاہم وہ بچ گیا۔

جنوری 2014 ء میں تاج محل کی سیر کے لیے رواں 20 سے 22 سال کی درمیانی عمر کے تین نوجوان رستے میں رُک کر تصویراتارنا چاہتے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹرین ان سے ٹکراتی ہوئی گزر گئی۔

ممبئی حکام نے شہر کے ایسے 16 مختلف علاقوں کو ’نو سیلفی زون‘ قرار دیا ہے جو ساحلی علاقوں اور ریلنگ یا باڑ وغیرہ کے نزدیک واقع ہیں۔ ان علاقوں میں داخل ہونے والے افراد اگر فوٹو نہ بھی اتاریں تب بھی ان پر 1200 روپے یا 18 ڈالر تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔