دنیا بھر میں شدید گرمی کے ریکارڈ ٹوٹتے ہوئے
چاہے فن لینڈ ہو، کینیڈا، پاکستان یا پھر بھارت، اس سال موسم گرما کا درجہ حرارت غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کو گزشتہ ایک صدی میں گرم ترین موسم سرما کا سامنا ہے۔
لِٹن، کینیڈا: آگ اور انتہائی درجہ حرارت
کینیڈا کے شہر لِٹن میں دو جولائی کو ریکارڈ توڑ گرمی دیکھنے میں آئی، جب درجہ حرارت تقریبا 50 ڈگری سیلسیئس تک جا پہنچا۔ چند دن بعد ہی جنگلاتی آگ نے اس پورے دیہات کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ ماہرین کے مطابق عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے شمالی امریکا میں اس طرح کے واقعات اب معمول کا حصہ ہو سکتے ہیں۔
کیووو، فن لینڈ: شمالی یورپ میں ریکارڈ گرمی
فن لینڈ کے شمالی علاقے لیپ لینڈ میں سن 1914 کے بعد یہ گرم ترین جولائی تھا۔ برف سے ڈھکے رہنے والے اس علاقے میں بھی درجہ حرارت تقریبا چونتیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکینڈے نیویا کے دوسرے حصوں میں بھی درجہ حرارت اوسطاﹰ دس سے پندرہ ڈگری زیادہ ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی یورپ میں ریکارڈ درجہ حرارت کا تعلق بھی شمالی امریکا میں گرمی کی لہر سے ہے۔
جیکب آباد، پاکستان: دنیا کا ایک گرم ترین علاقہ
جیک آباد پاکستان کے صوبہ سندھ میں واقع ہے اور وہاں کی آبادی تقریبا دو لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ جون کے آواخر میں اس شہر کا درجہ حرارت باون سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔
نئی دہلی، بھارت: گرمی سے اموات اور مون سون
بھارت کو بھی اس سال غیرمعمولی گرمی کی لہر کا سامنا ہے۔ جولائی کے آغاز میں دہلی کا درجہ حرارت نو سال بعد تینتالیس سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ مون سون کے سیزن میں تاخیر ہوئی جبکہ گرمی کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار سے زائد رہی۔
نژنییا پیشا، روس: پیرما فراسٹ سے میتھین جاری
سائبیریا میں بھی رواں سال گرمی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خشک سالی اور تیز درجہ حرارت کے باعث شمالی روس کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی۔ پیرما فراسٹ یا منجمد زمین والے علاقے سے میتھین کا اخراج ہونا شروع ہو گیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی سردیاں بھی گرم
نصف کرے کے آرپار ہونے کی وجہ سے پاکستان میں گرمیاں ہوں تو نیوزی لینڈ میں سردیوں کا موسم چل رہا ہوتا ہے۔ گزشتہ ماہ وہاں سخت سردی ہونی چاہیے تھی لیکن وہاں بائیس سینٹی گریڈ تھا۔ نیوزی لینڈ کی 110 سالہ تاریخ میں یہ گرم ترین جون تھا۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت نیوزی لینڈ کی زراعت کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔
میکسیی کالی، میکسیکو: ڈرامائی خشک سالی
جون میں درجہ حرارت اکاون سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چلا گیا تھا اور یہ اس ملک میں اب تک کی شدید ترین گرمی تھی۔ ان دنوں میکسیکو کو گزشتہ تیس برسوں کی بدترین خشک سالی کا بھی سامنا ہے۔ میکسیکو سٹی کے قریب آبی ذخائر میں بھی پانی کی سطح نیچے گر رہی ہے۔
غدیمس، لیبیا: شمالی افریقہ میں صحرائی حرارت
جزیرہ نما عرب اور شمالی افریقہ میں بھی یہ سال خاص طور پر گرم رہا۔ لیبیا کے مغرب میں جون کے اواخر میں معمول کے برعکس دس ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت زائد رہا۔ غدیمس کا شمار دنیا کے گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور وہاں کا درجہ حرارت جون میں چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔