1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کے ہاتھوں زمبابوے کو تاریخی شکست

3 دسمبر 2024

میزبان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 12.4 اوورز میں اپنے آج تک کے سب سے کم اسکور 57 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اسپنر سفیان مقیم نے 2.4 اوورز میں تین رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں اور اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

https://p.dw.com/p/4ngx6
یہ میچ میں کامیابی کے بعد باقی بچ جانے والی گیندوں کے اعتبار سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آج تک کی سب سے بڑی جیت ہے
یہ میچ میں کامیابی کے بعد باقی بچ جانے والی گیندوں کے اعتبار سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آج تک کی سب سے بڑی جیت ہےتصویر: Wonder Mashura/AP Photo/picture alliance

پاکستان نے میزبان زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اس کے اب تک کے کم ترین اسکور پر ڈھیر کرتے ہوئے دس وکٹوں سے شکست دے دی۔ منگل کو زمبابوے کے شہر بلاوایو میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ  میں میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے12.4 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ زمبابوے کا بین الاقوامی ٹی 20 میچوں میں آج تک کا سب سے کم مجموعی اسکور ہے۔ اس سے قبل اس ٹیم نے اسی سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے 84 رنز بنائے تھے۔

اسپنر سفیان مقیم نے 2.4 اوورز میں محض تین رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں
اسپنر سفیان مقیم نے 2.4 اوورز میں محض تین رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں تصویر: Wonder Mashura/AP Photo/picture alliance

پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے 2.4 اوورز میں محض تین رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں اور یوں اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ میزبان ٹیم کی طرف سے برائن بینیٹ (21) اور تادیواناشے مارومانی (16) نے 27 گیندوں پر 37 رنز بنائے، لیکن اس کے بعد زمبابوے کی ٹیم صرف 20 رنز کے اضافے پر تمام 10 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ بائیں ہاتھ کے پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے زمبابوے کی بیٹنگ کا مڈل آڈر تباہ کر دیا۔

پاکستان نے جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے با آسانی اپنا ہدف اس وقت پورا کر لیا جب اس کی اننگز کی ابھی 87 گیندیں باقی تھیں۔ اوپنر صائم ایوب نے 18 گیندوں پر 36 اور عمیر یوسف نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

پاکستانی کپتان شان علی آغا ساتھیوں کے ہمراہ جیت کی خوشی مناتے ہوئے
پاکستانی کپتان شان علی آغا ساتھیوں کے ہمراہ جیت کی خوشی مناتے ہوئے تصویر: Wonder Mashura/AP Photo/picture alliance

یہ میچ میں کامیابی کے بعد باقی بچ جانے والی گیندوں کے اعتبار سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آج تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ پاکستان نے اس سیریز کا پہلا میچ بھی 57 رنز سے جیت لیا تھا۔

یوں تین میں سے دو میچ جیت کر پاکستانی ٹیم یہ سیریز پہلے ہی جیت چکی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعرات کو بلاوایو میں ہی  کھیلا جائے گا۔

ش ر⁄ م م (روئٹرز)