رواں برس افغانستان میں غیرملکی فوجیوں کی ہلاکتیں 700
19 دسمبر 20102001ء میں طالبان کے خلاف امریکی سربراہی میں شروع ہونے والی افغان جنگ کے دوران کسی ایک سال کے میں ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ISAF کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک فوجی اہلکارجنوبی افغانستان میں سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ اس بیان میں مرنے والے فوجی کی شہریت سمیت مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کے لئے روں برس سے قبل ہلاکت خیز ترین سال 2009ء ثابت ہوا تھا، جس میں 521 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم گزشتہ 18 ماہ کے دوران طالبان کی طرف سے غیرملکی فوج کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔
2001ء سے افغانستان میں جاری جنگ کے دوران غیرملکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 2270 ہے، جن میں سے دوتہائی تعداد امریکی فوجیوں کی ہے جبکہ افغان فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ تاہم افغان حکومت کی طرف سے باقاعدہ تعداد جاری نہیں کی گئی۔ دوسری طرف عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد بھی رواں برس سب سے زیادہ رہی۔
امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے افغانستان سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ جمعرات 16 دسمبرکو جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق امریکی اور نیٹو افواج طالبان اور القاعدہ کے خلاف بھرپورکامیابیاں حاصل کررہی ہیں، تاہم ابھی بھی چیلنجز موجود ہیں۔ اس جائزے کے مطابق افغانستان کے زیادہ تر حصے میں طالبان کے بڑھتے ہوئے زور کو روک دیا گیا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں اس میں کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: عاطف توقیر