1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہسعودی عرب

حج: رواں برس کے لیے عازمین کی تعداد مقرر

9 اپریل 2022

سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس سال ملک کے علاوہ بیرون ملک کے مسلمان بھی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ تاہم انہیں کووڈ انیس کی مکمل ویکسینیشن لینا ہوگا اور ان کی عمر پینسٹھ برس سے کم ہونی چاہئے۔

https://p.dw.com/p/49hOi
Saudi-Arabien - Beginn des Hadsch
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Yasin

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دو برس تک محدود حج کے بعد سعودی عرب نے اس سال عازمین حج کی تعداد 10لاکھ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران صرف سعودی عرب میں رہنے والے چند ہزار عازمین کو ہی فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

عازمین حج کی تعداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بعض ضابطوں کا بھی اعلان کیا۔ وزارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ میں صرف ایسے عازمین حج کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے کووڈ انیس کے دونوں ویکسین لگوالیے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی عمر 65برس سے کم ہونی چاہئے۔

سعودی وزارت حج و عمر کی طرف سے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے،"خادم الحرمین شریفین کے لیے جہاں اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک محفوظ او روحانی ماحول میں فریضہ حج ادا کرسکیں اور مسجد نبوی کی زیارت کرسکیں وہیں عازمین حج نیز مسجد نبوی کے زائرین کی صحت وسلامتی اور سکیورٹی کو یقینی بنانا بھی ان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔"

Saudi-Arabien - Beginn des Hadsch
کورونا وائرس کی وبا سے قبل ہر سال دنیا بھر سے بالعموم پچیس سے تیس لاکھ کے قریب مسلمان حج کے لیے آتے تھےتصویر: Reuters/Z. Bensemra

عازمین حج  کے لیے دیگر شرائط

بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے کا  پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ جمع کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی انہیں مکہ اور مدینہ میں قیام کے دوران کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیے گئے احتیاطی اقدامات پر بھی عمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے۔ اور ہر صاحب اسطاعت مسلمان پر زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ حج کرنا فرض ہے۔

امید ہے کہ اس سال حج کا فریضہ جولائی میں ادا کیا جائے گا اور کوٹہ سسٹم کے تحت ہر ملک سے محدود تعداد میں مسلمانوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی۔

Saudi-Arabien Mekka | Corona & Hadsch | Pilgerfahrt
سن 2020میں صرف ایک ہزار لوگوں کو ہی حج کی اجازت ملی تھیتصویر: Getty Images/AFP

سال 2021 میں کووڈ انیس کی وبا کے سبب صرف چند ہزار مسلمانوں کی ہی فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ جب کہ اس سے قبل یعنی سن 2020 میں صرف ایک ہزار لوگوں کو ہی حج کی اجازت ملی تھی۔

کورونا وائرس کی وبا سے قبل ہر سال دنیا بھر سے بالعموم پچیس سے تیس لاکھ کے قریب مسلمان حج کے لیے سعودی عرب آتے تھے۔

 ج ا/ ع ت     (ایجنسیاں)